اندرون سندھ، آج یوم یکجہتی کشمیر بھر پور انداز میں منا یا جائیگا

53
حیدر آباد: پاکستان سنی تحریک کے کارکنان احتجاج کے دوران پریس کلب کے باہر بھارتی پرچم نذر آتش کررہے ہیں
حیدر آباد: پاکستان سنی تحریک کے کارکنان احتجاج کے دوران پریس کلب کے باہر بھارتی پرچم نذر آتش کررہے ہیں

 

حیدر آباد، کوٹری، جیکب آباد، جھڈو، ٹنڈوالٰہیار (نمائندگان جسارت) 70سال سے کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کیخلاف اور کشمیر سے اظہار یکجہتی کے لیے آج یوم یکجہتی کشمیر بھر پور انداز میں منایاجائے جس میں مختلف مذہبی وسیاستی جماعتوں ، سماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی جائیں گی اور مظاہرے کیے جائیں گے۔ جماعت اسلامی ضلع حیدرآبادکے زیر اہتمام بھی یوم یکجہتی کشمیرمنایاجائے گا۔اس موقع پر دفترجماعت اسلامی اسٹیشن روڈ سے پریس کلب تک3بجے سہ پہریکجہتی کشمیرریلی نکالی جائے گی جس کی قیادت سابق امیرجماعت اسلامی سندھ ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی اورامیرجماعت اسلامی ضلع حیدرآبادحافظ طاہرمجیدکریں گے۔ تنظیم اساتذہ پاکستان ضلع حیدرآباد کے تعاون سے پاکستان اسٹڈی ڈپارٹمنٹ کے زیراہتمام گورنمنٹ کالج یونی ورسٹی حیدر آباد میں 5 فروری کویوم یکجہت�ئ کشمیر منایاجائے گا۔ محکمۂ تعلیم کی خصوصی ہدایت پرآج صبح 10بجے کالج اسمبلی ہال میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین شیخ کی زیرصدارت ایک پروگرام یوم یکجہتی کشمیر ہوگا۔ پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید چنڑ مہمان خصوصی ہوں گے۔ جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسکول حیدر آباد زین العابدین لغاری، پروفیسر ڈاکٹر مجیب اللہ منصوری، پروفیسر ڈاکٹر سومرو اور پروفیسر شاہ نواز منگی اظہارخیال کریں گے۔ جماعت اسلامی کوٹری ضلع جامشورو کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک کشمیر ریلی منگل کے دن عید گاہ روڈ سے اللہ والا چوک تک نکالی جائے گی جس کی قیادت نائب قیم صوبہ جماعت اسلامی سندھ مولانا عبدالوحید قریشی کریں گے۔ریلی بعد نماز ظہر برآمد ہوگی جس میں جماعت اہلسنت اور دیگر سماجی ،فلاحی اور دینی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی جماعتوں کے عہدیدار اور کارکنان کی ایک بڑی تعداد بھی شرکت کرے گی ۔اس سلسلے میں جماعت اسلامی کوٹری کے قیم اقبال شیخ، رحیم جاوید اور خلیل الرحمن کورائی نے عوام سے ریلی میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے ۔ پورے ملک کی طرح جیکب آباد میں کل مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی حافظ نصر اللہ عزیز کی قیادت میں دفتر جماعت اسلامی جیکب آباد شہر سے نکالی جائے گی۔ امیر جماعت اسلامی جیکب آباد شہر محمد صالح سومرو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مرحوم مجاہد امام امت قاضی حسین احمد کا مظلوم کشمیریوں سے جو 5 فروری 1990ء سے اظہار یکجہتی کے لیے اور دنیا کے سامنے مظلوم مسلمانوں کے داد و و فریاد پیش کرنے کے لیے جو دیا روشن کیا تھا اس کے تسلسل کو جاری رکھنے کے لیے امیر جماعت اسلامی پاکستان کی کال پر جیکب آباد شہر میں کشمیر یوں کیساتھ یکجہتی ریلی دوپہر ایک بجے نائب امیر جماعت اسلامی سندھ حافظ نصر اللہ عزیز کی قیادت میں دفتر جماعت اسلامی شہر سے نکالی جائے گی۔ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے جماعت الدعوۃ کے تحت جھڈو کے ناگوری ہال میں آل پارٹیز کانفرنس کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی پشت پر کھڑی ہے اور مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو زبر دست خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ بھارت اپنے تماتر مظالم اور ریاستی جبر کے باوجود کشمیریوں کی تحریک آزادی کو ختم نہیں کرسکا جو اس بات کی دلیل ہے کہ شکست غاصب بھارت اور آزادی مظلوم کشمیریوں کا مقدر بن چکی ہے۔ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ زبانی دعووں کے بجائے کشمیر کی آزادی کے لیے سیاسی اور سفارتی سطح پر آواز بلند کرنے کے ساتھ عملی طور پر بھی اقدامات کرے۔ مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کا کردار بے حسی پر مبنی اور منافقانہ ہے۔ کشمیر کا مسئلہ قرار دادوں سے نہیں بلکہ عملی کوششوں سے آزاد ہوگا۔ اے پی سے جماعت الدعوہ میرپورخاص ریجن کے مسؤل حافظ انور ضلعی امیر عسید الرحمن عقیل احمد آصف جماعت اسلامی کے محمد عمر خان، ایم کیو ایم کے عمران لیاقت، جماعت اہلسنت کے قاری مجید، کونسلر محمد علی ناگوری سماجی رہنما محمد انور جٹ اظہر جمیل آرائیں نے بھی اظہار خیال کیا۔ شہ رگ کی آزادی کے لیے نعروں کی نہیں اقدامات کی ضرورت ہے، کشمیر کو غاصبانہ قبضے سے آزادی دلائے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا، کشمیریوں کی قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی، ظلم جبرکی انتہاء کرکے بھی بھارت کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکا، کشمیریوں کے ہمت وحوصلوں کو پوری پاکستانی قوم سلام پیش کرتی ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر غازی ممتاز قادری فاؤنڈیشن کے رہنما محمد انور خلجی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اس خطے کی تباہی کا سب بڑا ذمے دار ہے، جو مظلوم کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے میں مصروف ہے۔ کشمیری عوام کی اسلام اورپاکستان سے محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اپنی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے میں ناکام ہوچکی ہے، ہماری حکومتیں بھی بیرونی دباؤ کے باعث کشمیر مسئلہ کو مسلسل نظر انداز کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں ۔