امریکا:اسرائیل کیخلاف احتجاج پر پولیس نے مسلمان خواتین کا اسکارف اتار دیا

428

فینکس:امریکا میں اسرائیل کے خلاف احتجاج کرنے پر پولیس نے مسلمان خواتین کا زبردستی اسکارف اتار دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ریاست ایری زونا میں اسرائیل کی فلسطین خصوصاً غزہ پر جارحیت کے خلاف احتجاج کیا جا رہا تھا، جس میں شریک چار مسلمان خواتین کو امریکی پولیس نے حراست میں لے کر زبردستی ان کے سر سے اسکارف اتار دیا۔

ایری زونا کی اسٹیٹ یونیورسٹی کے طلبہ کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی  دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع کیے گئے ہیں، اس دوران پولیس نے مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے سیکڑوں کی تعداد میں انہیں گرفتار بھی کرلیا۔

سوشل میڈیا پر گرفتاریوں اور پولیس کے کریک ڈاؤن کی خبروں اور ویڈیوز سے پتا چلتا ہے کہ پولیس نے طلبہ کو حراست میں لینے کے بعد ان میں 4 مسلمان خواتین کو ہتھکڑی لگائی اور زبردستی ان کے سر سے اسکارف اتار دیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مسلمان خاتون کے ہاتھ پشت پر باندھ کر دوسری خاتون پولیس اہل کار نے اس کے سر سے اسکارف اتار دیا، اس دوران مسلمان خاتون کہتی ہے کہ ایسا نہ کریں، اسکارف پہننا میرا حق ہے، تاہم پولیس اہل کار خاتون کی بات نہیں سکتے۔