این ای ڈی کا ایک ایک طالب علم ملک کا سرمایہ ہے، پروفیسر سروش لودھی

546

کراچی: این ای ڈی المنائی ایسوسی ایشن کی جانب سے این ای ڈی میں کنونشن 2024 کا انعقادمحمود عالم آڈیٹوریم میں کیا گیا۔

کنونشن میں شیخ الجامعہ پروفیسر سروش لودھی، صدر این ای ڈئین ایسوسی ایشن انجینئر عاصم مرتضیٰ، اینگرو گروپ کے سربراہ احسن ظفر سید اور سربراہ امریکی کمپنی جرسی پری کاسٹ امیر السلام، میریٹوریس پروفیسر صاحبزادہ رفیقی، پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل، متعدد انجینئرز سمیت عمان و انڈونشیا کے سفارتکاروں اور روسی وفد نے شرکت کی۔

تقریب میں تیرہ سابقہ طالب علموں اور اُن کی اپنی مادرِ علمی کے لیے خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ایوارڈز سے نوازا گیا۔ صدر این ای ڈئین ایسوسی ایشن انجینئر عاصم مرتضیٰ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔

شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش حشمت لودھی اور چیئرمین آئی ای انجینئر سہیل بشیر کا کنووینشن سے خطاب کرتے ہوۓ کہنا تھا کہ ہمیں ان نامساعد معاشی حالات میں والدین اور طالب علموں کی مدد کرنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مادرِ علمی کی آواز پر لبیک کہیے کیوں کہ ایک ایک انجینئر طالب علم ملک کا سرمایہ ہے۔

ماں جی انڈومنٹ فنڈ کے بانی آفتاب رضوی نے کینیڈا سے آن لائن خطاب میں زُور دیا کہ اپنی ماؤں کے نام پر آج کے طالبِ علم کی مالی معاونت کریں جوکہ آپ اور آپ کے والدین کے لیے صدقہ جاریہ ہے۔

اس موقعے پر جامعہ کے طالب علموں کی لیٹریری اینڈ پبلی کیشن سوسائیٹی کی جانب سے کھیل آنگن ٹیڑھا بھی پیش کیا گیا جسے خوب پذیرائی ملی۔

جامعہ ترجمان کے مطابق اس تقریب میں قریباً 450 سابقہ طالب علموں سمیت مختلف شعبہ جات کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی اور ادارے کے لیے شیخ الجامعہ اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہا جب کہ سیکریٹری جزل این ای ڈیئن ایسوسی ایشن انجینئر عباس ساجد نے اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے، اظہارِ تشکر کیا۔