دبئی لیکس کو غلط انداز میں پیش کرکے جائز جائداد کو غلط رنگ دیا گیا، محسن نقوی

224

اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دبئی لیکس کو غلط انداز میں پیش کرکے جائز جائداد کو بھی غلط رنگ دیا گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں آج بھی اپنے قانونی پیسوں سے پاکستان یا دنیا میں کہیں بھی جہاں چاہوں سرمایہ کاری کر سکتا ہوں، مجھے اس حوالے سے کوئی روک نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میری اہلیہ کی 7 برس پرانی (2017ء سے) ایک پراپرٹی تھی، جسے گزشتہ برس فروخت کیا اور پھر نئی پراپرٹی خریدی۔ ان کی برطانیہ میں بھی جائداد ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ خود بھارتی میڈیا نے دبئی لیکس کو بالکل کور نہیں کیا۔ نارویجن کمپنی نے لکھا تھا کہ غیر قانونی جائدادیں بتائیں، مگر ہمارے ہاں یہ چلایا گیا کہ ہم نے جائدادیں نکالی ہیں۔  محسن نقوی نے کہا کہ یہ تو آپ الیکشن کمیشن کے گوشوارے نکال لیتے تو ساری تفصیل مل جاتی، مگر یہاں کچھ اور ہی بنا کر پیش کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر جائدادیں باہر خریدتے ہیں تو ٹیکس یہاں دیتے ہیں اور میں نے ٹیکس دیا ہے۔ پاکستان کو اس کا بھی ٹیکس ملتا ہے۔ ہاں اگر کسی کے پاس ناجائز ہے، ظاہر نہیں کی ہے یا رشوت کے پیسوں سے لی ہوئی ہے تو آپ اس کو کہہ سکتے ہیں۔ میرے پاس تو ہر چیز موجود تھی،لیکن ایسے نمایاں اس طرح کیا گیا کہ خدا نخواستہ کس پیسوں سے آئی ہے، یہ زیادتی ہے ایسا نہیں ہونا چاہیے۔