اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف سے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر موصول

282
dollars from IMF

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ  آئی ایم ایف  کی جانب سے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ  ایس بی اے  کے تحت ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی آخری قسط موصول ہوگئی۔

ترجمان اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئی ایم ایف سے رقم موصول ہونے تصدیق کردی۔رپورٹ کے مطابق 3 مئی 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں یہ رقم ظاہر ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی آئی ایم ایف  کے ایگزیکٹو بورڈ نے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ(ایس بی اے) کے تحت پاکستان کے لیے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی آخری قسط جاری کرنے کی منظوری دی تھی۔

آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام دونوں کے سابقہ بیانات میں عندیہ دیا گیا تھا کہ بورڈ 29 اپریل کو اجلاس میں ایس بی اے پروگرام کے تحت ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی آخری قسط جاری کرنے کی منظوری دے گا، جس کا معاہدہ جون 2023 میں ہوا تھا۔یاد رہے کہ 20 مارچ کو پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول کا معاہدہ طے پا گیا تھا، اس پیش رفت کے نتیجے میں پاکستان کے لیے قرض کی آخری قسط کی مد میں ایک ارب 10 کروڑ ڈالر جاری ہونے کی راہ ہموار ہوگئی تھی۔

پاکستان کو 2 اقساط کی مد میں آئی ایم ایف سے ایک ارب 90 کروڑ ڈالرز مل چکے ہیں،دوسری جانب حکومت آئی ایم ایف سے ایک اور پروگرام لینے کا فیصلہ کرچکی ہے جس کے لیے مذاکرات کا آغاز بھی ہوگیا ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے گزشتہ دنوں نے کہا تھا کہ جون یا جولائی میں آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہو جائے گا۔گزشتہ روز سعودی عرب کے شہر ریاض میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر سے بھی ملاقات ہوئی جس میں نئے قرض پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔۔