کراچی میں نمائش چورنگی پر دوسر ے روز بھی دھرنا‘ ٹریفک جام

204
کراچی: تحریک لیبک کے تحت نمائش چورنگی پر دھرنا دیا جارہا ہے
کراچی: تحریک لیبک کے تحت نمائش چورنگی پر دھرنا دیا جارہا ہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) تحریک لبیک یا رسول اللہ پاکستان کی جانب سے فیض آباد دھرنے شرکا کی حمایت میں اتوار کو بھی کر اچی میں نمائش چورنگی پر دھرنا دیا گیا۔دھرنے میں عوام کی بڑی تعداد شریک تھی ، شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر وفاقی وزیر زاہد حامد کے مستعفی ہونے اور دیگر نعرے درج تھے۔ نمائش چورنگی پر دھرنے کے باعث ایم اے جناح روڈ اور اطراف کے علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہوگیا۔اس موقع پر اطراف میں پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔ دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ کے رہنماعلامہ بلال غازیانی،علامہ اسحاق قریشی،علامہ عباس مبارک اور محمد یحییٰ قادری نے کہا کہ حکومت ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی کرنے والے ذمہ داران کو سامنے لائے ، وفاقی وزیر زاہد حامد کوعہدے سے برطرف کرے ،اگر فیض آباد دھرنے کے شرکاکے خلاف طاقت کا استعمال اور آپریشن کیا گیا تو ملک میں انتشار کی ذمہ دار ی حکومت پر عائد ہوگی۔مقررین نے کہا کہ فیض آباد دھرنا کے ذمے دار علامہ خادم حسین رضوی نہیں پنجاب حکومت اور اسلام آباد کی انتظامیہ ہے،حکومت نے دھرنے کے شرکاکو فیض آباد میں روک کر جڑواں شہر میں خود بد انتظامی پیدا کی ہے ،ہم پر امن لوگ ہیں ،زاہد حامد کے استعفے اور قیاد ت کے حکم تک دھرنا جاری رہے گا۔