آپریشن کی آڑ میں مارکیٹوں کو مسمار نہ کیاجائے،شاہی سید

67

کراچی (اسٹاف رپورٹر )عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ اینٹی انکروچمنٹ سیل عدالت عظمیٰ کے احکامات کی آڑ میں ایمپریس مارکیٹ اور عمر فاروق مارکیٹ کو مسمار کرنے سے باز رہے، نوٹس دیے بغیر 1250 دکانوں کو مسمار کرنا ہزاروں خاندانوں کا روزگار چھیننے کے مترادف ہے ،ایمپریس مارکیٹ اور عمر فاروق مارکیٹ کے دکاندار 50 برسوں سے کے ایم سی کو کرایہ ادا کررہے ہیں ،عدالت عظمیٰ کے احکامات کا احترام کرتے ہیں، عوامی نیشنل پارٹی تجاوزات کے خلاف ہر گز نہیں ہے مگر سیکڑوں خاندانوں کو روزگار سے محروم کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایمپریس مارکیٹ اور عمر فاروق مارکیٹ صدر کے دکانداروں کے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی صدر عبدالقیوم سالارزئی، سید حنیف شاہ آغا،بحر کمال ایڈووکیٹ اور شیر آفریدی سمیت دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کئی دہائیوں سے کے ایم سی کو کرایہ ادا کرنے والے دکانداروں کو متبادل جگہ مہیا کی جائے ،ہم چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دونوں مارکیٹوں کے حوالے سے خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ