زرداری اور نیازی مل کربھی ہم پر بھاری نہیں پڑسکتے،شہبازشریف

248

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب صدر اور پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نیازی اور زرداری مل کر بھی ہم پر بھاری نہیں ہوسکتے ۔

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی جنرل کونسل اجلاس میں شہباز شریف نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی صدر منتخب ہونا میرے لئے اعزاز کا باعث ہے ،یہ میری زندگی کااہم لیکن مشکل مرحلہ ہے، میں نے ہمیشہ نواز شریف سے رہنمائی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کا کوئی رکن نواز شریف کی جگہ لینے کا تصور بھی نہیں کر سکتا، نواز شریف کل بھی ہمارے قائد تھے، ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے، یہ پاکستان کے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ ان کو نواز شریف جیسا قائد ملا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نوازشریف کوہی قائداعظم کا سیاسی وارث قرار دیا جا سکتا ہے، نواز شریف نے امریکی پانچ ارب ڈالر رد کر کےایٹمی دھماکوں کے ذریعے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مستقبل کا مورخ نواز شریف کو مدبر اور محترم رہنما تسلیم کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ ہمارے لیڈر نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی لیکن میرا دل کہتا ہے نوازشریف کو انصاف ضرور ملے گا، وہ دن ضرورآئے گا جب نوازشریف کے ساتھ زیادتی کا ازالہ ہوگا۔انہوں نےخیبر پختونخواہ کہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مجھےسب سے زیادہ افسوس کے پی کے کی عوام پر آتا ہے، کے پی کے عوام سے تبدیلی کے نام پر دھوکہ ہوا ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے اپنے سیاسی حریفوں عمران خان اور آصف علی زرداری کے مبینہ گٹھ جوڑ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ‘نیازی اور زرداری مل کر بھی ہم پر بھاری نہیں ہوسکتے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ‘کیسی ہی ساز باز ہو، کیسی ہی جعلسازی کیوں نہ ہو، لیکن ہمیں اپنے اوپر کامل یقین ہے’۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ