ڈاکٹرعافیہ کی رہائی کیلیے ’’عالمی یوم دعا‘‘منانے کی اپیل

32

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے 19 اکتوبربروز جمعہ ائمہ مساجد و مدارس اور عوام سے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کیلیے ’’عالمی یوم دعا‘‘ منانے کی اپیل کی ہے ۔عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر امریکا کی طرف سے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کی امید پیدا ہوئی ہے اس لیے حکومت کی ہدایت، استقامت اور جرات کیلیے عالمی سطح پر یوم دعا کی اپیل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے حالیہ دورہ امریکاکے دوران پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عافیہ کو قوم کی بیٹی کہا ہے اور اسے واپس وطن لانے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔ ماضی کے حکمرانوں کی طرح پی ٹی آئی کی حکومت کو یہ موقع ضائع نہیں کرناچاہیے ۔ ڈاکٹر فوزیہ نے مزید کہا کہ ’’عالمی یوم دعا‘‘ کے سلسلے میں امریکا ، یورپ ،ایشیا اورساؤتھ افریقہ و دیگر ممالک سے عافیہ کے سپورٹرز رابطہ کر رہے ہیں۔ پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں دعاؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ گزشتہ روزملائیشیا کے ایک دینی مدرسہ ’’ جامعہ معادرسات الاسلامیہ‘‘ کوالالمپور میں ڈاکٹر عافیہ کی جلد وطن واپسی کیلیے بچوں نے یٰسین شریف کا ختم کیا اور خصوصی دعا بھی کی۔ مدرسہ کے پاکستانی استاذ قاری فیض الرحمان نے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے بتایا کہ ان شاء اللہ 15 اکتوبر کو کوالالمپور میں مرکزی تبلیغی اجتماع میں بھی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلیے خصوصی دعا کا اہتمام کیا جائے گا۔دریں اثناء ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے یوم دعا کے سلسلے میں ممتازدینی و سیاسی شخصیات سے ملاقات کاسلسلہ شروع کردیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ