این آئی سی وی ڈی میں نئے تجدید شدہ شعبہ ایمرجنسی اور کارڈیو ایم آر آئی کا افتتاح

429

کراچی:وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) میں کارڈیوویسکیولر ایم آر آئی اور نئے تجدید شدہ شعبہ ایمرجنسی کا افتتاح کردیا۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر اور سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر کے علاوہ مقامی فارماسیوٹیکل کمپنی فارمیو کے منیجنگ ڈائریکٹر ہارون قاسم بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈونرز کی خدماتِ کو سراتے ہوئے کہا کہ ایک اور کمپنی نے او پی ڈی کی تزین و آرائش کی پیشکش کی ہے جس کے نتیجے میں مریضوں کو مزید سہولیات حاصل ہوں گی۔ انہوں نے این آئی سی وی ڈی میں صحت کی دیکھ بھال کے لیے نئی سہولیات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ این آئی سی وی ڈی عالمی معیار کی قلبی نگہداشت اور اور اس میں مسلسل بہتری لانے کے لیے ہر وقت کوشاں رہتا ہے۔

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ این آئی وی ڈی میں جدید سہولیات کا آغاز سندھ میں صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو بڑھانے کی ہماری کوششوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کی توسیع اور علاج کی جدید سہولیات سے لاکھوں مریض مستفید ہو رہے ہیں۔ انہی سہولیات کی فراہمی کے وجہ سے ادارے نے نہ صرف صوبہ سندھ بلکہ پورے ملک میں امراضِ قلب کے جدید علاج کے لیے اپنی ایک الگ پہچان بنائی ہے۔

اس موقع پر این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کے 10 اسپتال اور 29چیسٹ پین یونٹس ملک بھر سے آنے والے مریضوں کو امراضِ قلب کا جدید علاج بالکل مفت فراہم کرنے میں دن رات مصروفِ عمل ہیں۔

پروفیسر طاہر صغیر نے کہا کہ کارڈیوویسکیولر ایم آر آئی اور نئے تجدیدشدہ ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کا آغاز  صوبہ سندھ اور پورے ملک سے آنے والے مریضوں کو جدید قلبی نگہداشت فراہم کرنے کے این آئی سی وی ڈی کے جاری مشن میں ایک  اہم قدم ہے۔

 وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور دیگر مہمانوں نے نئی افتتاحی سہولیات کا دورہ بھی کیا، جو مریضوں کی غیرمعمولی دیکھ بھال و علاج فراہم کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہیں۔ انہوں نے مقامی کمپنی فارمیو کے مینجنگ ڈائریکٹر ہارون قاسم کو ان کی خدمات کے اعتراف میں شیلڈ پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ سندھ کے مزید طبی اداروں میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت سے مزید تعاون کریں گے۔

واضح رہے کہ قومی ادارہ برائے امراض قلب میں نئے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کی تزین و آرائش اور سہولیات کے لیے مقامی کمپنی فارمیو نے 2 کروڑ روپے فراہم کیے ہیں۔