چوری شدہ مینڈیٹ والی حکومت تشدد کا راستہ اپنا رہی ہے، عمرایوب

256

اسلام آباد: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے  کہ چوری شدہ مینڈیٹ والی حکومت تشدد کا راستہ اپنا رہی ہے، اپوزیشن کے ساتھ مل کر جلد لانگ مارچ کا اعلان کریں گے ،سندھ پنجاب اور دارالحکومت اسلام آباد کو پولیس   اسٹیٹ بنا  دیا گیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہاکہ  موجودہ حکومت کوبانی پی ٹی آئی سے   خوف ہے، ملک میں پولیس گردی چل رہی ہے عمران خان پر بنائے جانے والے سائفر اور توشہ خانہ کیسز بے بنیاد اور جھوٹے ہیں، تحریک  انصاف کے کارکنوں پر دہشت گردوں کی طرح پولیس حملے کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو مہنگائی ،بیروزگاری غربت اور افلاس کی دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے خفیہ ایجنسیاں پولیس کی وردیاں پہن کرتحریک انصاف کے کارکنوں پر تشدد کر رہی ہیں  اور انہیں گرفتار کر رہی ہیں ملک میں پولیس کی نہیں بلکہ خفیہ ایجنسیوں کی حکومت ہے ججز کے فون ریکارڈ  کیے جا رہے ہیں اور ان کے خاندانوں  کو ڈرایا اور دھمکایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا آج اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے پروگرام میں لاٹھی چارج جاری ہے اور گرفتاریاں کی جارہی ہیں،اس کی ہم مذمت کرتے ہیں،   مسلم لیگ  ن  فاشسٹ حکومت کو خوف ہے ، آئین وقانون کی بالادستی کے لیے ہماری جنگ جاری رہے گی۔