پی سی بی کی کوششیں کامیاب، محمد عامر کو آئرلینڈ کا ویزا جاری

323

لاہور: پی سی بی کی کامیاب کوششوں کے نتیجے میں فاسٹ بولر محمد عامر کو آئرلینڈ کا ویزا مل گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے شعبۂ لاجسٹکس  کو قومی ٹیم کے فاسٹ بالر محمد عامر کے لیے  پرواز بک کرنے کا ٹاسک دیدیا گیا ہے، تاکہ وہ جلد از جلد ڈبلن کے لیے روانہ ہو جائیں۔

فاسٹ بالر محمد عامر ویزا سے متعلق مسائل کے باعث ٹیم کے ساتھ ڈبلن نہیں گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق محمد عامر نے ٹیم کے دیگر ارکان کے ساتھ ہی ویزا کی درخواست دی تھی، تاہم آئرلینڈ کے سفارت خانے  نے انہیں ویزا جاری کرنے سے انکار کردیا تھا۔

اسی دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئرلینڈ کے کرکٹ بورڈ کو احتجاج بھی ریکارڈ کروایا گیا، جس کے بعد محمد عامر کی ویزا کے لیے درخواست ایک بار پھر جمع کروائی گئی، جس پر انہیں کلیئرنس کے بعد ویزا جاری کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محمد عامر کو ویزا جاری کروانے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کردار اہم ہے۔