اسلام آباد: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا غزہ مارچ، مظاہرین پر پولیس کا لاٹھی چارج، دھرنا جاری

375

 اسلام آباد: اسلامی جمعیت طلبا کے غزہ مارچ کے دوران ریڈ زون میں داخلے کی کوشش پر کارکنوں  کی  پولیس سے جھڑپ ہوئی، کارکنوں کو امریکی سفارتخانے جانے سے روک دیا گیا جس پر کارکنوں نے دھرنادیا۔

تفصیلات کے مطابق  وفاقی دارالحکومت میں اسلامی جمعیت طلبا کی جانب سے غزہ مارچ کا اہتمام کیا گیا، سینیٹر مشتاق احمد خان اور کاشف چودھری سمیت دیگر کی قیادت میں ریلی میں سیکڑوں کی تعداد میں طلبہ و طالبات و دیگر شریک ہوئے۔

سرینا چوک پر اسلامی جمعیت طلبا کے زیر اہتمام غزہ مارچ کے دوران پولیس نے ریلی کو امریکی سفارتخانے جانے سے روک دیا جبکہ کارکنان نے خاردار تاریں عبور کرلی، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے اور فلسطین کے حق میں نعرے بازی کررہے تھے۔

مظاہرین کا اصرار تھا کہ وہ ہر صورت امریکی سفارت خانے پہنچ کر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے تاہم پولیس نے شرکا کو امریکی سفارتخانے جانے سے روک دیا، پولیس اور انتظامیہ سے مظاہرین کے مذاکرات ناکام ہونے پر سرینا چوک کو بند کرکے وہاں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔

شرکا کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ ہمیں امریکی سفارتخانے کے باہر تک جانے کی اجازت دی جائے اور جب تک اجازت نہیں دی جائے گی ہمارا دھرنا جاری رہے گا۔