پاکستان میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کیلیے پالیسی فریم ورک کی ضرورت ہے، جاوید سلیم قریشی

377

کراچی:آئی ای پی کے سابق چیئرمین جاوید سلیم قریشی نے کہا ہے کہ آرٹیفشل انٹیلی جنس کے حوالے سے پالیسی فریم ورک کی ضرورت ہے۔

جامعہ این ای ڈی کے تحت Al Fusion Engineering Industry and Education Perspective  کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس سے سابقہ چیئرمین آئی ای پی جاوید سلیم قریشی، شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش لودھی، پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل،  لیڈر شپ اینڈ مینجمنٹ ڈیولپمنٹ ایسوسی ایٹس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر علی ساجد سمیت پاکستان انجینئرنگ کونسل اور انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان کے ذمّے داران نے خطاب کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ چیئرمین آئی ای پی جاوید سلیم قریشی کا کہنا تھا کہ آرٹیفشل انٹیلی جنس کے حوالے سے پالیسی فریم ورک کی ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو کمیونیکیشن اسکلز دینے اور اے آئی کی ایک سالہ ڈیولپمنٹ پالیسی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیوروکریسی کے کردار کو کم کرکے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے تعاون سے جامعہ این ای ڈی کو انٹلیکچوئل حَب بنایا جائے۔

شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش لودھی نے کہا کہ دنیا کے ساتھ چلنا ہے تو اے آئی کے حوالے سے آج کے انجینئرز کو تیار کرنا اہم فریضہ ہے۔ اس موقع پر ماہرین کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) تیزی سے بڑھتا ہوا شعبہ ہے جس کے اثرات زندگی کے ہر شعبے میں نظر آنے لگے ہیں۔ اس کے بہت سے فوائد ہیں لیکن اس کا بے دریغ استعمال انسانی بقا کے لیے سنگین خطرہ بھی بن سکتا ہے۔ قومی سطح پر مصنوعی ذہانت کے استعمال کے قوانین بنانا اور حدود طے کرنا انتہائی ضروری ہے۔