انڈس موٹرز کے سی ای او کے لیے آئی کیپ کا بزنس لیڈر ایوارڈ

220

انڈس موٹرز کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو علی اصغر جمالی کو انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان کی جانب سے بزس لیڈر ایوارڈ 2024 سے نوازا گیا ہے۔

 آئی کیپ کے پروفیشنل ایکسی لنس ایوارڈ 2024 کا مقصد اس کے اراکین کی اپنے متعلقہ اداروں کی کاروباری ترقی، ویلیو ایڈیشن اور کارکردگی بڑھانے کے لیے انجام دی جانے والی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔ اس ایوارڈ کے ذریعے آئی کیپ اپنے اراکین کی کامیابیوں کا جشن مناتی ہے، جنہوں نے متعلقہ صنعتوں میں کامیابی کے گہرے نقوش مرتب کیے ہیں۔

 اس اعزاز پر تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے علی اصغر جمالی نے کہا کہ اس باوقار اعزاز پر میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے آئی کیپ کی ایوارڈ جیوری کا بھی شکر گزار ہوں، جنہوں نے اس اہم اعزاز کے لیے منتخب کیا۔ بلاشبہ میری کامیابی میری ٹیم کی محنت کے مرہون منت ہے، جو میری سب سے بڑی طاقت ہے۔ اس متحرک ٹیم کی غیرمشروط معاونت اور سپورٹ کے بغیر میں آج اس مقام تک نہیں پہنچ پاتا۔

 انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر سراہا گیا ”ٹویوٹا کے طریقے” نے میرے قائدانہ کردار اور جذبہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا، جن میں اپنے اردگرد لوگوں کا احترام کرنا، صارفین کو ترجیح دینا، کائزان، ثابت قدمی اور منصفانہ طرز عمل کے زریعے سخت حالات کا مقابلہ کرنے جیسے رہنما اصولوں پر مبنی اقدار شامل ہیں۔ انڈس موٹر کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو کی حیثیت سے مجھے نہ صرف کمپنی، بلکہ پاکستان کے بہتر مستقبل کے تصور کو فروغ دینا ہے، جس میں سب سے اہم معاشرے کو وہ فوائد لوٹانا ہے جو ہمیں کامیاب بنانے کے لیے معاشرے نے ہم کو دیے۔

 آئی کیپ پروفیشنل ایکسی لنس ایوارڈ، انڈسٹری اور کاوربار میں آئی کیپ کے اراکین کی غیرمعمولی کامیابیوں کی حوصالہ افزائی کا پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے، جہاں وہ اپنی کامیابیوں کی داستانوں سے نوجوان اراکین اور طلبہ کو اپنے تجربے سے مستفید کرتے ہیں۔