الشفا اسپتال  غزہ:ایک اور اجتماعی قبر  سے درجنوں ناقابل شناخت لاشیں برآمد

335

مقبوضہ بیت المقدس: غزہ میں الشفا اسپتال سے ایک اور اجتماعی قبر برآمد ہوئی ہے، جس میں سے درجنوں ناقابل شناخت لاشیں ملی ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی بمباری اور غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے  ثبوت وقتاً فوقتاً سامنے آتے جا رہے ہیں۔ تازہ واقعے میں غزہ سے ایک اور اجتماعی قبر برآمد ہوئی ہے، جس میں کم از کم 49 افراد کی ناقابل شناخت لاشیں ملی ہیں۔

اس سے قبل بھی  الشفا اسپتال سے برآمد ہونے والی  اجتماعی قبروں سے سیکڑوں لاشیں برآمد ہو چکی ہیں، جن کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ ان  میں ایسے لوگوں کو بھی دفن کیا گیا تھا جو زندہ تھے، اجتماعی قبروں سے بچوں اور نوجوانوں سمیت ڈاکٹروں اور اسپتال کے عملے کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔

وفا نیوز ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ امدادی ٹیموں  کو الشفا اسپتال میں کام کے دوران ایک نئی اجتماعی قبر ملی ہے، جس میں سے 49 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ اب تک غزہ اور الشفا اسپتال سمیت مختلف مقامات سے ملنے والی اجتماعی قبروں کی تعداد 7 ہو چکی ہے، جن میں سے 3 الشفا میڈیکل کمپلیکس سے، 3 ناصر میڈیکل کمپلیکس سے اور ایک اجتماعی قبر دوسرے اسپتال سے ملی تھی جب کہ اجتماعی قبروں سے برآمد لاشیں 500 سے زیادہ ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق الشفا اسپتال میں اسرائیلی جارحیت کے بعد سے امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں جب کہ اجتماعی قبروں سے ملنے والی لاشوں کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ ان میں سے بیشتر تعداد مریضوں کی ہے  جو علاج کی غرض سے اسپتال میں داخل تھے اور دیگر ان کے لواحقین ہو سکتے ہیں، جن میں بچے، بوڑھے اور جوان شامل ہیں۔