اہم خبریں

132

 

بزرگ شہریوں کیلیے ٹرینوں کا آدھا کرایا
وزیراعظم بھی فائدہ اٹھا سکیں گے
اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم عمران خان بھی 65 سالہ بزرگ شہریوں کے لیے ٹرینوں کے آدھے کرایے کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ جمعے کو وزیر اعظم عمران خان نے راولپنڈی سے میانوالی اور راولپنڈی سے
لاہور چلنے والی 2 ٹرینوں کا وزیراعظم آفس اسلام آباد میں افتتاح کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ریلوے میں بزرگ شہریوں کا سفر مفت ہے جس پر ان کی تصحیح کی گئی کہ سب کے لیے نہیں بلکہ 65 سال کے بزرگ شہری آدھے کرایے پر سفر کر سکتے ہیں جس پر عمران خان نے کہا کہ اگر میں سفر کروں گا تو ٹکٹ آدھا ہوگا۔

گورنر گلگت بلتستان نے استعفا دے دیا
گلگت (صباح نیوز) گورنر گلگت بلتستان میرغضنفرعلی خان نے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا جو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھیجا گیا ہے۔ غضنفرعلی خان کا تعلق ہنزہ کے سابق حکمران خاندان سے ہے۔ وہ ہنزہ کے آخری حکمران میر آف ہنزہ محمد جمال خان کے بیٹے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کل پہلی بار
کراچی کا دورہ کریں گے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان کل پہلی بار کراچی کا دورہ کریں گے۔ وہ دورے میں مزار قائد پر حاضری دیں گے اور گورنر ہاؤس میں قیام امن سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے۔ ذرائع کا کہنا
ہے کہ کراچی میں جاری آپریشن سے متعلق حکام وزیراعظم کو بریفنگ دیں گے جبکہ وفاقی حکومت کے منصوبوں سے متعلق بھی وزیراعظم اجلاس کریں گے اور گرین لائن بس منصوبے سمیت دیگر منصوبوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعظم سے سیاسی جماعتیں اور بزنس کمیونٹی کے افراد بھی ملاقات کریں گے۔

چیف جسٹس پانی کی کمی کا جائزہ
لینے کے لیے کٹاس راج پہنچ گئے
چکوال (اے پی پی) چیف جسٹس ثاقب نثار ہندوؤں کے مقدس مقام کٹاس راج میں پانی کی کمی کا جائزہ لینے کے لیے جمعے کی سہ پہر وہاں پہنچ گئے‘ وہاں پر موجود لوگوں کی بڑی تعداد
اکٹھی ہو گئی جنہوں نے چیف جسٹس کو بتایا کہ علاقے میں سیمنٹ فیکٹریوں کے قیام سے نہ صرف کٹاس راج کا پانی مکمل طور پر خشک ہو گیا ہے بلکہ زیر زمین بھی پانی کم ہوجانے کی وجہ سے پورے علاقے میں پانی کی قلت پید اہو گئی ہے جبکہ لوگ بھی کئی جلدی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

9 اور 10 محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی حکومت نے عاشورہ محرم الحرام پر عام تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ جمعہ کو وزارت داخلہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام، 20 اور 21 ستمبر (جمعرات اور جمعہ) کو عام تعطیل ہو گی۔

نواز شریف، مریم اور صفدر کی پیرول
پر رہائی میں مزید 5 روز کی توسیع
لاہور (نمائندہ جسارت) محکمہ داخلہ پنجاب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد محمد صفدر کی پیرول پر رہائی میں 5 روز کی توسیع کا باقاعدہ نوٹیفکیشن
جاری کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں قید شریف خاندان کے مذکورہ تینوں افراد کو بیگم کلثوم نواز کی وفات پر پہلے 12 گھنٹے کے لیے پیرول پر رہا کیا گیا تھا جس میں پنجاب حکومت نے انسانی ہمدردی کے تحت 5روز کی توسیع کی، رہائی کا وقت 17 ستمبر پیر کی شام 4 بجے ختم ہو جائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ