نوابشاہ، زائد کرایوں کیخلاف موٹر وے پولیس کی مہم جاری

13

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) موٹر وے پولیس سیکٹر سکرنڈ کی عید کے بعد بھی مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کیخلاف سخت کارروائی۔ موٹر وے پولیس سیکٹر سکرنڈ نے عید پرٹرانسپورٹروں کی جانب سے زائد کرایے کی مد میں لوٹ مار کیخلاف مہم عید کے بعد بھی جاری رکھی ہے اور موٹر وے ہائی ویز پر گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل شروع کر رکھا ہے۔ مہم کے دوران موٹر وے پولیس نے مختلف مقامات پر عید پرخوشیاں منانے کے لیے گھر سے واپس جانے والے مسافروں سے مقررہ کرایے سے زائد رقم وصول کرنے والے بیشتر ٹرانسپورٹروں پر تین لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے اور زائد کرایے کی مد میں لیے گئے اٹھارہ لاکھ روپے بھی مسافروں کو واپس کرا دیے گئے۔ اس سلسلے میں ایس پی موٹر وے پولیس سیکٹر 2 سکرنڈ سجاد حسین بھٹی کا کہنا تھا کہ مہم کے دوران دو سو پچاس سے زائد اوور لوڈ پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو روک کر ان میں گنجائش سے زائد مسافروں کو بھی اتار کر دوسری گاڑیوں میں روانہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹر وے پولیس کی یہ مہم عید کی چھٹیاں ختم ہونے تک جاری رہے گی، تاکہ گھروں سے واپس جانے والے افراد کو بھی کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مسافروں نے موٹر وے پولیس کے اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موٹر وے پولیس واحد ادارہ ہے جو عوام کے جان و مال کی حفاظت کے ساتھ ساتھ دوران سفر ان کی پریشانیوں کو دور کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ نیشنل ہائی ویز و موٹر وے پولیس نے مسافروں کو آگاہ کردیا ہے کہ عیدالفطر کی چھٹیوں سے واپسی پر مسافروں سے کوئی بھی پبلک ٹرانسپورٹ زیادہ کرایہ وصول کرے یا کسی قسم کی کوئی مدد درکار ہو تو موٹر وے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر اطلاع دیں یا پلے اسٹور سے ھمسفر ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے اپنی شکایات درج کرائیں۔ اس موقع پر ایڈمن آفیسر جی ایم بلوچ، پیٹرولنگ افسر علی گوہر چانڈیو، پیٹرولنگ افسر منظور کیریو، اسٹاف آفیسر عظیم خان زرداری اور سب انسپکٹر نوید لاکھو بھی موجود تھے۔