آئندہ نسلوں کیلیے قربانی دے رہا ہوں ،عوام ساتھ دیں،نواز شریف

71

ابوظبی(صباح نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے۔میں یہ قربانی آپ کی نسلوں اور پاکستان کے مستقبل کے لیے دے رہاہوں۔پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے جہاز سے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے جو میرے بس میں ہے اور جو میرے بس میں تھا وہ میں نے کر دیا ہے۔ مجھے معلوم ہے کہ مجھے دس سال کی سزا ہوئی ہے اور مجھے سیدھا جیل میں ہوں گا، لیکن میں پاکستانی عوام کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ یہ میں آپ کے لیے کر رہا ہوں۔ میں یہ سب آپ کی آنے والی نسلوں کے لیے کر رہا ہوں۔سابق وزیر اعظم نے کہا میں یہ قربانی میں آپ کی نسلوں کے لیے۔ آپ کے مستقبل اور پاکستان کے مستقبل کے لیے دے رہا ہوں۔ میرا بھرپور ساتھ دیں، میرے قدم سے قدم ملا کر چلیں، میرے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالیں، آئیں ملک کی تقدیر بدلیں یہ موقع بار بار نہیں آئے گا، میرا بس یہی پیغام ہے قوم کے نام۔ علاوہ ازیں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو میدان جنگ بنا دیا گیا ہے، جگہ جگہ پر رکاوٹیں کھڑی کی ہیں اور لوگوں کے راستے روکے جارہے ہیں۔ پاکستان روانگی سے قبل ابوظہبی ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بہت سہہ لیا اور بہت برداشت کرلیا، 70 برس کوئی تھوڑی مدت نہیں ہوتی، ملک کو 70 سال میں کیا ملا، آج اس قوم کو رسوا کیا جارہا جبکہ یہ قوم رسوا ہونے والی نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں میں جوش و خروش ہے لیکن انہیں سیکڑوں کی تعداد میں گرفتار کرلیا گیا ہے اور یہ پیغام دیا جارہا ہے کہ وہ ایئرپورٹ نہ جائیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں صرف 10 دن رہ گئے ہیں، کیا انتخابات سے قبل اس طرح ہوتا ہے؟ اس سے انتخابات کی کیا ساکھ رہ جائے گی، اگر انتخابات کی سا کھ ہی نہیں ہے تو کون اسے تسلیم کرے گا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ