فلسطینیوں کیلیے پاکستان کا عزم مضبوط اور پائیدار ہے،ملیحہ لودھی

57

اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے لیے پاکستان کا عزم مضبوط اور پائیدار ہے، مکہ المکرمہ میں او آئی سی کے سربراہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے فلسطینی نصب العین کے لیے پاکستان کی واضح حمایت کا اعادہ کیا۔امن کے سواکوئی اور راستہ نہیں، ہم دعاکرتے ہیں کہ نئی فلسطینی ریاست جلد وجود میں آئے ۔ نیو یارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں یو این آر ڈبلیو اے کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ عالمی برادری فلسطینیوں کو ناکام نہ کرے۔اجلا س میں مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کے طلبہ حنان اور ہاتم نے مقبوضہ علاقوں میں زندگی کے دلخراش واقعات اور اپنے لیے یو این آر ڈبلیو کے تحت اسکولوں کی اہمیت کے بارے میں آگا ہ کیا۔ ملیحہ لودھی نے کہاکہ ان بچوں کی آوازوں میں فلسطینیوں کا پر امید چہرہ دیکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 50لاکھ سے زاید فلسطینی محض اعداد وشمار نہیں وہ انسان ہیں، حنان اورہاتم کی آنکھوں میں پرامن اور خوشحال مستقبل کی امید اور خواب ہے۔