سرفراز الیون ورلڈ کپ میں ناقابل شکست ٹیم نیوزی لینڈ سے نبرد آزما ہوگی

98

کراچی(سید وزیر علی قادری) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے زیر اہتمام 12ویں ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم آج نیوزی لینڈ کے خلاف برمنگھم کے ایجبیسٹن اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوگی۔ سرفراز احمد کی زیر قیادت پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف باہمی ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں ریکارڈ مایوس کن ہے۔ سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستان کی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف مجموعی طور پر 8 میچز کھیلے جس میں سے ایک میں فتح حاصل کی اور6 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے کامیاب کپتان پاکستان کے وقار یونس رہے، جن کی کپتانی میں پاکستان نے مجموعی طور پر 8میچز کھیلے اور تمام میچز میں کامیابی حاصل کی ۔وسیم اکرم کی قیادت میں پاکستان نے 12میچز کھیلے 9میں کامیابی حاصل کی اور 3 میچز میں شکست ہوئی ۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان آج شیڈول ورلڈ کپ میچ ایجبیسٹن گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔ اس گرائونڈ پر پاکستانی ٹیم کا ریکارڈ کچھ زیادہ اچھا نہیں البتہ نیوزی لینڈ کے لئے خوش قسمت ثابت ہوا ہے ۔اس گرائونڈ میں اب تک دونوں ٹیموں کے مابین 1983ء میں منعقدہ ورلڈ کپ میں میچ کھیلا گیا تھا جس میں کیوی ٹیم کامیاب رہی تھی۔ پاکستان نے اس گرائونڈ میں اب تک مختلف ٹیموں کے خلاف 13میچز کھیلے ہیں جس میں سے 5جیتے اور 8 میں اسے شکست ہوئی ۔نیوزی لینڈ کی ٹیم کے خلاف ایک میچ کھیلا اس میں بھی اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت کے خلاف3 میچ کھیلے ایک میں فتح اور 2 میں شکست ہوئی ۔کینیا کے خلاف ایک میچ کھیلا اور اس میں فتح ہوئی ۔انگلینڈ کے خلاف 5 میچز کھیلے 2 جیتے 3 ہارے ۔ جنوبی افریقا کے خلاف2 میچز کھیلے ایک میں کامیابی اور ایک میں شکست ہوئی ۔ویسٹ انڈیز کیخلاف ایک میچ کھیلا اور اسی میں شکست ہوئی ۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنا 7واںمیچ نیوزی لینڈ کے خلاف آج برمنگھم میں کھیلے گی ،دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق ڈھائی بجے شروع ہوگا ۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان باہمی ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں گرین شرٹس کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک مجموعی طور پر 106ون ڈے میچز کھیلے گئے جن میں سے پاکستان نے 54 میچز جیتے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 48 میں کیامیاب رہی، ایک میچ ٹائی اور3 میچز بے نتیجہ رہے ۔ انگلینڈ کی سر زمین پر بھی کھیلے گئے ون ڈے میچز میں جیت کے حوالے سے پاکستانی ٹیم کو سبقت حاصل ہے ۔دونوں ٹیموں کے مابین انگلینڈ کی سرزمین پر مجموعی طور پر 4 میچز کھیلے گئے جن میں سے پاکستان نے 3 میچز جیتے اور ایک میں اسے شکست ہوئی ۔پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں نیوزی لینڈ کے خلاف برتری حاصل، گرین شرٹس نے 8 میں سے 6 میچز میں فتوحات حاصل کیں ۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں جیت کے حوالے سے پاکستانی ٹیم کو برتری حاصل ہے ۔دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ میچز میں 8 مرتبہ ایک دوسرے سے ٹکرائیں جن میں سے پاکستان نے کی ٹیم نے6 میچز جیتے اور 2 میں اسے شکست ہوئی ۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میچز میں پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف ناقابل شکست رہا ۔دونوں ٹیموں کے مابین چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں 3 میچز ہوئے اور تینوں پاکستان کی ٹیم نے جیتے ۔مختلف ٹورنامنٹ کے فائنلز میں جیت کے حوالے سے دونوں ٹیمیں برابر ہیں، دونوں ٹیموں کے مابین 2 ٹورنامنٹس کے فائنلز کھیلے گئے جس میں سے دونوں ٹیموں نے ایک ایک فائنل جیتا۔دیکھنا یہ ہے کہ کپتان سرفراز احمد اپنی اس خفت کو مٹانے کے لیے میدان میں کس طرح قیادت کرینگے کہ وہ نہ صرف کیویز سے جیت کر ٹورنامنٹ میں آگے پیش رفت کرپائے گیں تو دوسری طرف ان کی بحیثیت کپتان کارکردگی پر اچھا تاثر اجاگر ہوگا۔ تاہم ناقدین اور تبصرہ نگار جنوبی افریقا کے خلاف جیت پر تو ٹیم کو مبارکباد دے رہے ہیں لیکن جس طرح ناقص فیلڈنگ اور کیچز ڈراپ ہویے اس سے انہیں گرین شرٹس کے میدان میں چابک دستی کے ساتھ آج اور رائونڈز کے 2بقیہ میچز میں کارکردگی کو بہت اہم قرار دیا جارہا ہے۔