نئی تاجرتنظیم کے قیام کیلیے ملتان میں 30جون کو ملک گیر تاجرکنونشن ہوگا

44

ملتان (اے پی پی)مرکزی تاجر رہنما خواجہ سلیمان صدیقی نے کہا ہے کہ ملتان میں 30جون کو ہونے والے ملک گیر تاجر کنونشن میں حالیہ بجٹ، ٹیکسز کی شرح اور تاجروں کو درپیش مسائل کے خاتمے کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ تاجرکنونشن میں حکومتسے مزاکرات سمیت دیگر آپشنز پر بھی غور کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے پریس کلب ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔اس موقع پر آل پاکستان انجمن تاجران کنٹونمنٹس کے مرکزی چیئرمین ملک نذیراعوان، شیخ جاوید اختر، شیخ اکرم حکیم ، جعفر علی شاہ، خالد محمودقریشی، ملک عامر اعوان، ادریس بٹ، آفاق احمد انصاری، مرزا نعیم، ندیم قریشی، ذیشان صدیقی، کاشف رفیق، فرحان زیدی،شاہد محمود انصاری، عبدالطیف بلوچاور دیگرموجود تھے۔ خواجہ سلیمان صدیقی نے کہاکہ آل پاکستان انجمن تاجران میں ان کے گروپ کی اکثریت کے باوجود صدر کی جانب سے چیئرمین کو نکالنے کی بات مضحکہ خیز ہے، آل پاکستان انجمن تاجران سے 6 ماہ قبل ہی تعلق ختم کردیا تھا، آل پاکستان انجمن تاجران کے ضلعی نائب صدر عارف فصیح اللہ نامی تاجر سے ان کے گروپ کاکوئی تعلق نہیں ہے، ان کے خلاف بلیک میلنگ ، بھتہ خوری اور دیگر درجنوں شکایات موصول ہوئیں جس پر انہیں گروپ سے نکال دیا ہے، ملک گیر سطح پرتاجر برادری کے ساتھ مشاورت کے بعد اعلان کرتے ہیں کہ آل پاکستان انجمن تاجران سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ ا نہوں نے کہا کہ جس پلیٹ فارم سے تاجر کاز کے بجائے ذاتی مفادات حاصل کیے جائیں ان لوگوں سے تعلق ختم کرتے ہیں اور اب ملک گیر سطح پرصاف ستھری تاجر قیادت کو سامنے لارہے ہیں اور اس سلسلے میں 30جون کوملتان میں ملک گیر تاجر کنونشن کے موقع پرایک باوقار قیادت سامنے آئے گی اور نئی تاجر قیادت کی حلف برداری بھی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ملتان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تاجرکنونشن میں ملک بھر کے تاجر صرف کاروباری نقطہ نظر سے اکٹھے ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ بجٹ تاجروںکے لیے بہت مشکل ہے ، 30جون کو منعقد ہونے والے تاجر کنونشن میں بجٹ کے حوالے سے اپنا ردعمل اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کریںگے جس میں حکومت کے ساتھ مذاکرات سمیت دیگر آپشنز پر غورکیا جائے گا۔ ملک نذیراعوان ،خالد محمودقریشی اور جعفر علی شاہ نے الگ الگ بات کرتے ہوئے کہاکہ خواجہ سلیمان صدیقی کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہیں اورتاجر کنونشن کی بھرپورتیاریاں کی جارہی ہیں یہ کنونشن خالصتاً تاجر کاز کے لیے ہے جس کاکسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے اوراس میں کراچی سے پشاور تک کے تاجررہنما شرکت کررہے ہیں۔