حکومت کا بھارتی وزیر اعظم کیلیے فضائی حدود کھولنے کا اعلان

52

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرورخان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے کرغزستان کے دورے کے لیے جذبہ خیر سگالی کے تحت فضائی حدودکو 72گھنٹے کے لیے کھولا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فضائی حدودکھولنے کے لیے بھارتی ہائی کمیشن کی طرف سے ایوی ایشن ڈویژن کو درخواست موصول ہوئی تھی جس پر وزیراعظم نے مشورہ کرکے فضائی حدود کھولنے کا کہاہے۔بھارتی جہاز 13جون کو نئی دلی سے بشکیک جائے گااور 14 جون کو بشکیک سے نئی دہلی آئے گا۔دوسری جانب بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کانفرنس میں کرغیز جمہوریہ کے دارالحکومت بشکیک جانے کے لیے نریندرمودی کا طیارہ پاکستان کی فضائی حدود استعمال نہیں کریگا۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کا طیارہ عمان ،ایران اور وسطی ایشیائی ملکوں کے فضائی علاقوں سے گزرتا ہوا بشکیک پہنچے گا۔