منی لانڈرنگ کیس،حمزہ شہباز 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

81

لاہور(نمائندہ جسارت+مانیٹرنگ ڈیسک) آمدن سے زاید اثاثہ اور رمضان شوگرمل کیس میں احتساب عدالت نے حمزہ شہباز کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔آمدن سے زاید اثاثہ اور رمضان شوگرمل کیس میں گرفتار اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی اور رہنما مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز کو نیب نے بدھ کو احتساب عدالت میں پیش کیا،عدالت میں نیب کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ جب بھی ذرائع آمدن کے بارے میں پوچھا گیا تو کوئی جواب نہیں دیا گیا جب کہ بیرون ملک سے آنے والے اثاثوں کے بارے میں بھی نہیں بتایا گیا، نیب تفتیش کے مطابق 2003 ء تک سوا 2 کروڑ کے اثاثے ظاہر کیے گئے، 2006ء میں اثاثے ظاہر نہیں اور 2011ء میں یہ اثاثے 21 کروڑ تک پہنچ گئے۔نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ حمزہ شہباز نے آج تک نہیں بتایا کہ باہر سے پیسے کون اور کن ذرائع سے بھجوائے جا رہے ہیں لہٰذا مشکوک ٹرانزیکشن کے ذریعے رقم کی منتقلی کی تحقیقات کے لیے حمزہ شہباز کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔نیب کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر حمزہ شہباز کے وکلا نے مخالفت کی تاہم عدالت نے دلائل سننے کے بعد حمزہ شہباز کا جسمانی ریمانڈ دینے کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔بعد ازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے حمزہ شہباز کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 26 جون تک نیب کے حوالے کردیا۔اس سے قبل کمرہ عدالت میں پہنچنے کے بعد گفتگو میں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نیازی صاحب کا وقت پورا ہو چکا، میرا دامن صاف ہے اور ہم سرخرو ہوں گے جب کہ عدالتوں پر اعتماد ہے۔