امریکا معاندانہ پالیسی ترک کرے‘ شمالی کوریا کا مطالبہ

28

پیانگ یانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پیانگ یانگ سے متعلق اپنی معاندانہ پالیسی ترک کرے، بصورت دیگر گزشتہ برس سنگاپور میں طے کردہ معاہدوں کی کوئی حیثیت نہیں رہے گی۔ شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان ملاقات میں جن امور پر اتفاق ہوا تھا، ان پر عمل امریکا کی ترجیحات میں شامل نہیں۔
برطانیہ اور چین کے درمیان تجارتی مذاکرات
لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانیہ اور چین کے درمیان معاشی اور اقتصادی تعلقات کے حوالے سے براہ راست مذاکرات 17 جون کو ہوں گے۔ برطانوی وزیر خزانہ فلپ ہیمنڈ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ چین جیسے ممالک کے ساتھ معاشی تعلقات برطانیہ کے عالمی مستقبل کے لیے اہم ہیں۔ بریگزٹ کے تناظر میں برطانیہ عالمی سطح پر اپنے تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش میں مصروف ہے۔
انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن نے اقوامِ متحدہ میں اصلاحات ضروری قرار دیدیں
جنیوا (انٹرنیشنل ڈیسک) انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل رائڈر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے ڈھانچے میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے یہ بات جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر میں انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی 108 ویں بین الاقوامی کانفرس کے دوران کہی۔ رائڈر نے کہا کہ 21 جون تک جاری رہنے والی کانفرس میں 40 سے زائد ممالک کے سربراہان کی شرکت اس حقیقت کی عکاس ہے کہ کثیر الجہتی نظام دباؤ کا شکار ہے۔