چین میں کشتی ڈوبنے سے 10 افراد ہلاک‘ 8 لاپتا

109
چین: دریا میں ڈوبنے والی کشتی کو کنارے پر لایا جارہا ہے‘ غوطہ خور پانی سے لاش نکال رہا ہے
چین: دریا میں ڈوبنے والی کشتی کو کنارے پر لایا جارہا ہے‘ غوطہ خور پانی سے لاش نکال رہا ہے

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین کے جنوب مغربی علاقے کے دریا میں کشتی ڈوبنے سے 10افراد ہلاک ہوگئے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کشتی چینی صوبے گوئژو کے ایک گاؤں ریموٹ بنراؤ کے قریب سے گزرنے والے دریا میں ڈوبی۔ حادثے کے وقت کشتی پر موجود مسافر دریا عبور کررہے تھے۔ امدادی حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران رضاکار 11 افراد کو بچانے میں کامیاب ہو گئے جبکہ 8لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے کشتی کے کپتان کو گرفتار کر لیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ کشتی ایک صنعتی ادارے سے حاصل کی گئی تھی اور وہ خودکار نظام کے تحت تھی۔ چین میں دریاؤں میں آمد ورفت کے لیے لوگ عام طور پر کشتیوں کا استعمال کرتے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق چین میں پانیوں میں بڑھتے حادثات اب خوفناک صورت اختیار کرتے جارہے ہیں، جب کہ حکومت کی جانب سے بھی اس سلسلے میں خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جاتے۔ گزشتہ برس بھی کشتی ڈوبنے کے حادثے میں تھائی لینڈ جانے والے 37سیاح ہلاک ہوگئے تھے۔ چینی باشندوں کی بڑی تعداد ہر سال تھائی لینڈ کا سفر کرتی اور اس دوران وہاں حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ 2017ء میں 9کروڑ 80لاکھ چینی باشندوں نے سمندر کے راستے تھائی لینڈ کا سفر کیا۔ بیجنگ حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ صدر شی جن پنگ نے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔