عوامی مسائل کا حل میری اولین ترجیحات ہیں، نثار احمد میمن

51

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) ڈویژنل کمشنر بے نظیر آباد ڈویژن نثار احمد میمن نے کہا ہے کہ سائل کی خدمت ان کے مسائل کا حل اور انہیں ہرممکن سہولیات فراہم کرنا میری اولین ترجیحات ہیں اور اس ضمن میں میں تمام ریجنل سربراہان سے یہی توقع رکھوں گا۔ اپنے دفتر میں ڈویژنل کمشنر کا چارج سنبھالنے کے بعد پہلے تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ عوام کی خدمت ہمارا فرض بھی ہے اور عین عبادت بھی، اس لیے ہمیں دفاتر میں آئے ہوئے لوگوں سے نہ صرف خوش اخلاقی اور اچھے رویے سے پیش آنا چاہیے بلکہ ان کے ہر جائز مسئلے کے حل کے لیے ہر ممکن کوششیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے ریجنل سربراہان سے کہا کہ وہ اپنے آفس میں آنے والے لوگوں کے لیے باقاعدہ انتظارگاہ کا انتظام کریں، لوگوں کو بٹھانے کے علاوہ ان کے لیے رمضان کے بعد ٹھنڈے پانی کا بھی بندوبست کریں۔ نثار احمد میمن نے کہا کہ ہم اگر لوگوں کے مسائل حل نہ کرسکیں تو کم از کم خوش اخلاقی کا اعلیٰ مظاہرہ کرکے ان کو خوش تو کرسکتے ہیں جو کہ صدقہ جاریہ بھی ہے اور ہماری ثقافت و روایت کا حصہ بھی ہے۔ انہوں نے تمام محکموں کے سربراہان سے کہا کہ وہ اس طرح لوگوں کی دعائیں بھی حاصل کرسکتے ہیں اور آخرت میں سرخرو بھی۔ قبل ازیں مختلف محکموں کے سربراہان سے مختصر بریفنگ کے دوران نثار احمد میمن نے ہدایات دیں کہ وہ اپنے اپنے فرائض منصبی پوری دیانتداری، محنت ولگن کے ساتھ سرانجام دیں اور عوام کے حاکم بننے کے بجائے ان کے خادم بن کر خدمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی کوتاہی غفلت اور لاپروائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈویژنل کمشنر نے تمام افسران کو کہا کہ وہ اپنی کارکردگی کی ماہانہ رپورٹ باقاعدہ ارسال کریں اور دیے گئے اہداف کو بروقت پورا کریں۔