ایمنسٹی اسکیم کی مدت دسمبر 2019 ء تک بڑھائی جائے،ایوان صنعت وتجارت اسلام آباد

70

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے خفیہ اخراجات، سیلز اور اثاثوں کو ظاہر کرنے کیلئے اپنی پہلی ایمنسٹی سکیم کا اعلان کر دیا ہے تاہم یہ سکیم صرف 30جون 2019 تک فراہم کی گئی ہے جو ناکافی مدت ہے لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایمنسٹی سکیم کی مدت کم از کم دسمبر 2019تک بڑھائی جائے تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں اور اپنے خفیہ اثاثوں ، اخرجات اور سیلز کو ظاہر کر سکیں جس سے معیشت کو فائدہ ہو گا۔ احمد حسن مغل نے کہا کہ 1958سے لے کر اب تک پاکستان میں کئی ایمنسٹی سکیمیں جاری کی گئی لیکن وہ دستاویزی معیشت کو فروغ دینے، ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے اور ملک کے ٹیکس ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ کرنے میں ناکام رہی ہیں جس کی اہم وجہ یہ ہے کہ حکومتوں نے ان سکیموں کے بارے میں سٹیک ہولڈرز سے جامع مشاورت نہیں کی۔ انہوںنے کہا کہ 1958میں جو ٹیکس ایمنسٹی سکیم جاری کی گئی تھی اس سے حکومت کو صرف1.12روپے وصول ہوئے جبکہ 1968میں 92کروڑ ، 1976میں 1.5ارب، 2000میں 10ارب روپے، 2008میں 3.16ارب روپے اور 2018میںتقریبا 120ارب روپے وصول ہوئے۔1985،1991،1998،2012اور 2016میں بھی ایمنسٹی سکیمیں پیش کی گئیں جن کا کوئی ریکارڈ دستیاب نہیں کہ ان سے کتنا ریونیو حکومت کو حاصل ہوا۔ اس کے برعکس انڈونیشیا نے 2016میں جو ٹیکس ایمنسٹی سکیم جاری کی تھی اس سے تقریبا 745000لوگ ٹیکس نیٹ میں آئے تھے جبکہ حکومت کو 330ارب ڈالر سے زائد کے اثاثے ظاہر کئے گئے تھے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت انڈونیشیا کی ایمنسٹی سکیم کے ماڈل کو اپنائے اور اس کی مدت 6سے 9ماہ تک رکھی جائے تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں جس سے دستاویزی معیشت کو فروغ ملے گا اور اور حکومت کے ٹیکس ریونیو میں بھی بہتر ی آئے گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ ماہ رمضان اور دیگر مصروفیات کی وجہ سے 45دنوں میں ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانا مشکل ہو گا لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اگر نئی ایمنسٹی سکیم کو کامیاب بنانا ہے تو تو اس کو مختصر مدت کیلئے لانے کی بجائے کم از کم چھ ماہ کیلئے جاری کیا جائے تا کہ جو شہری اس سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ اپنی تیاری کر کے اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔