’’اکنامک امپاورمنٹ آف یوتھ‘‘ کے موضوع پر سیمینار

25

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کے محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کی جانب سے ’’اکنامک امپاورمنٹ آف یوتھ‘‘ کے موضوع پر حیدر آباد کے ایک نجی ہوٹل میں حیدر آباد کے نوجوانوں کے لیے سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔سیمینار میں مختلف معاشی و اقتصادی ماہرین پروفیسر سید احمد رشید، بلاول مشتاق، دنیش للوانی اور پروفیسر سید اعجاز علی شاہ و دیگر نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انفرادی و اجتماعی معاشی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور معاشی و اقتصادی ترقی کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے نوجوانوں کو معاشی خودمختاری کے لیے مختلف راستوں کی نشاندہی کی۔مختلف کامیاب نوجوانوں نے اپنی کامیاب کاروباری کاوشیں بھی شرکا کے سامنے رکھیں جن کا مقصد نوجوانوں کو معاشی خودمختاری کی طرف راغب کرنا تھا۔سیمینار میں حیدرآباد بار کونسل کے ممبر سید عزیر بابر رضوی اور جمیل احمد خان بھی شریک تھے۔مقررین اور شرکا نے محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان حکومت سندھ کے اس احسن قدم کو سراہا اور اسے نوجوانوں کے لیے امید کی کرن قرار دیتے ہوئے محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کا شکریہ ادا کیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید محمد حبیب اللہ کا کہنا تھا محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان محترم سیکرٹری اختر حسین بگٹی اور ڈائریکٹر یوتھ افیئرز ڈاکٹر شاکر قیوم خانزادہ کی سرپرستی اور سربراہی میں نوجوانوں کی تعمیر و ترقی کے لیے شب و روز مصروفِ عمل ہے اور سندھ یوتھ پالیسی کے مطابق نوجوانوں کے لیے مختلف پروگرامز کا انعقاد کر رہا ہے۔ سیمینار کے اختتام پر نوجوانوں میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کی گئیں بعدازاں نجی ہوٹل میں ہی تمام شرکا کے لیے پرتکلف ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔