آئی ایم ایف کی ہدایت پر تیار بجٹ عوام پر بجلی بن کر گرے گا

28

فیصل آباد (جسارت نیوز) ضلعی صدر انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن چودھری عبدالرزاق باجوہ، چیئرمین چودھری اشرف گجر،و دیگر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی ہدایت پر تیار بجٹ عوام پر بجلی بن کر گرے گا، حکومت کے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں 750 ارب روپے سے زائد کے نئے ٹیکس لگانے کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوںنے کہا آئی ایم ایف کی شرائط پر بجلی و گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور ٹیکسوں کی بھر مار سے عوام کا جینا دوبھر ہوجائے گا۔روپے کی مزید بے قدری کی خبریں بھی تشویشناک ہیں،مزید بے قدری سے بہت سے معاشی مسائل پیدا ہوںگے۔مجوزہ ٹیکسوں سے صنعت و تجارت سے وابستہ افراد سمیت عوام متاثر ہو گی اور ان کی قوت خرید ختم ہو جائے گی۔ پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے عوام ابھی سنبھلنے بھی نہ پائے ہیں کہ حکومت کی طرف سے دو سال تک بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی نوید نے عوام کو بوکھلا کر رکھ دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ عوام تبدیلی کی توقع کر رہے تھے لیکن تبدیلی کے نام پر ان پر ٹیکسوں کا ہوشربا بوجھ ڈالا جارہا ہے جس سے ان کی قوت خرید بھی ختم ہوتی جارہی ہے۔خود انحصاری اور کفایت شعاری کی پالیسی کو اپنایا جائے۔ آئی ایم ایف کی مہنگائی لانے والی شرائط ہر گز قبول نہ کی جائیں۔انہوںنے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سی8ارب ڈالر کے قرضوں سے ملک میں کبھی خوشحالی نہیں آئے گی۔