حکومت کھیلوں کی ترقی اور حوصلہ افزائی کیلیے سنیحدہ ہے،ڈاکٹڑ فہمیدہ مرزا

34

اسلام آباد (جسارت نیوز)وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہیمدا مرزا نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کھیلوں کی ہر سطح پر ترقی اورحوصلہ افزائی کیلئے سنجیدہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گذشتہ روز اسپورٹس فیڈریشنز کے عہدیداروں کے ساتھ ایک ملاقات کے بعد میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے ہر مکمن اقدامات کرنا چاہتی ہے لیکن موجودہ مالی حالات کے پیش نظر مشکلات کا سامنا ہے۔ اسپورٹس فیڈریشن نمائندگان ملاقات میں ویٹ لفٹنگ، ہینڈبال، ریسلنگ، باکسنگ، اسنوکر، جوڈو فیڈریشن کے عہدے داروں کے علاوہ وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ اکبر حسین درانی اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ٹیکنیکل محمد اعظم ڈار نے شرکت کی۔ فیڈریشنز کے نمائندوں نے اپنی اپنی فیڈریشنز کی گزشتہ سال کی کارکردگی پر بھی وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمید مرزا کو بریفنگ دی۔ ڈاکٹر فہیمدا مرزا نے کہا کہ گذشتہ سال میں مختلف حالات کی وجہ سے کھیلوں کا شعبہ بہت متاثر ہوا اور فنڈز کا استعمال بھی درست نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کھیل جو ہمارے ملک کا فخر تھے، نظر انداز ہوتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کھیلوں کی ہر سطح پر ترقی اور حوصلہ افزائی کیلئے سنجیدہ ہے، 18ویں ترمیم کے بعد کھیلوں کا شعبہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ صوبائی حکومت کی سطح پر بھی فیڈریشنز کو سپورٹ ملے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کو بری طرح نظر انداز کیا گیا، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے آئین پر کام ہو رہا ہے، اس کا کردار زیادہ ٹریننگ اور تربیتی ادارے کے طور پر وضع کیا جائے گا۔ ڈاکٹر فہمید مرزا نے کہا کہ تمام فیڈریشنز کو اپنے معاملات آئین اور بین الاقوامی گائیڈ لائن کے مطابق شفاف طریقے سے چلانا ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے فیڈریشنز کے نمائندگان کو ہدایت کی کہ وہ آنے والے بین الاقوامی ایونٹ کے حوالے سے اپنے اخراجات اور دیگر ضروریات کے حوالے سے مناسب تجاویز اور تفصیلات وزارت بین الصوبائی رابطہ کو ارسال کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کھیلوں کو ہر سطح پر سپورٹ کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن موجودہ مالی حالات کے پیش نظر مشکلات کا سامنا ہے۔