مشکل فیصلے قوم کے مستقبل کیلیے اچھے ثابت ہونگے،وزیراعظم

81
اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے موقع پرقومی اسمبلی کے اجلاس سے خطا ب کر رہے ہیں
اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے موقع پرقومی اسمبلی کے اجلاس سے خطا ب کر رہے ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشکل فیصلے قوم کے مستقبل کے لیے اچھے ثابت ہوںگے۔وزیراعظم کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے آئی ایم ایف پروگرام اور ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر بریفنگ دی جبکہ معاشی ٹیم نے ارکان قومی اسمبلی کے سوالات کے جواب دیے جبکہ تحریک انصاف کے اراکین پارلیمنٹ نے بجلی اور گیس کے بلوں میں اضافے پر تحفظات کا اظہار کیا۔مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے بریفنگ کے دوران کہا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اثر 75 فیصد عوام پر نہیں پڑے گا۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کے شعبے میں 216 ارب روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ جو ادارے کام نہیں کریں گے، انہیں سبسڈی نہیں دی جائے گی۔وزیراعظم نے مزیدکہا کہ غریب عوام کا احساس ہے، کوشش ہے کہ ان پر ٹیکسز کا بوجھ نہ پڑے۔