عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے‘ بلاول زرداری

91

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومت سندھ کی جانب سے شعبہ صحت سیمتعلق معاملات پر بلاول ہاوَس میں منعقدہ بریفنگ کے دوران کیا جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزرا ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور مرتضیٰ وہاب کے علاوہ محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے۔ بلاول زرداری کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ این آئی سی وی ڈی اسپتال کا نیٹ ورک سندھ کے بالائی، زیریں اور وسطی علاقوں میں عوام کو عالمی معیار کی صحت کی سہولیات 24 گھنٹے فراہم کر رہا ہے جبکہ ملک کے چاروں صوبوں کے ساتھ ساتھ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے آنے والے مریض بھی ان سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔ بلاول زرداری نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کو فنڈز کی کم فراہمی کے باوجود عوام کو صحت کی بہترین سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں۔