گورنر سے تاجروفد کی ملاقات‘دکانوں کاقبضہ نہ دینے کی شکایت

116
گورنر سندھ عمران اسماعیل سے رکن سندھ اسمبلی شاہنواز جدون کی سربراہی میں تاجران صدر مارکیٹ کا وفد ملاقات کر رہا ہے
گورنر سندھ عمران اسماعیل سے رکن سندھ اسمبلی شاہنواز جدون کی سربراہی میں تاجران صدر مارکیٹ کا وفد ملاقات کر رہا ہے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ سے رکن سندھ اسمبلی شاہنواز جدون کی سربراہی میں تاجران صدر مارکیٹ کے چار رکنی وفدنے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفد نے مارکیٹ کے مسائل ، درپیش مشکلات اور حائل رکاوٹوں سے متعلق گورنرسندھ کو تفصیلی آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ متبادل دکانوں کا تاحال قبضہ نہیں دیا گیا ، کاروبار نہ ہونے سے معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ گورنرسندھ نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل حل کرائے جائیں گے تاکہ تاجر معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ صدر کے پارکنگ پلازہ اور دیگر مقامات پر قرعہ اندازی کے ذریعہ متبادل دکانیں فراہم کی جائیں تاکہ جن دکاندار وں کا کاروبار متاثر ہوا ہے و ہ دوبارہ اپنی کاروباری سرگرمی جاری رکھ سکیں۔ علاوہ ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے سام سنگ کمپنی کا تین رکنی وفد جس کی سربراہی ایم ڈی سام سنگ الیکٹرونکس پاکستان یانگ چینگ کررہے تھے ، نے ڈائریکٹر ہوسون چوائے اور پاکستان میں کمپنی کے موبائل بزنس ڈویژن کے ہیڈ عمر گھمن کے ہمراہ گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان میں سام سنگ موبائل کے مینو فیکچرنگ یونٹ کے قیام میں وفد کے سربراہ یانگ چینگ نے اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ سام سنگ اپنا موبائل بزنس پاکستان میں بڑھانا چاہتا ہے جس پر مختلف آپشن پر غور کیا جا رہا ہے اس وقت کوریا ، چین ، ویت نام ، بنگلا دیش سمیت دیگر ملکوں میں سام سنگ موبائل مینو فیکچرنگ کررہے ہیں جبکہ پاکستا ن میں موبائل مارکیٹ کا38 فیصد شیئر سام سنگ فراہم کرتا ہے۔