بدعنوانی ملک کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے‘چیئرمین نیب

43
اسلام آباد: چیئرمین نیب جاوید اقبال ماہانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
اسلام آباد: چیئرمین نیب جاوید اقبال ماہانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی)نیب کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی ملکی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، کرپشن کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاکررہیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈکوارٹرز میں ریجنل بیوروز کی ماہانہ کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں آپریشن اور پراسیکیوشن سمیت ادارے کے تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین نیب نے تمام ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی کہ وہ میگا کرپشن، وائٹ کالر کرائم کے مقدمات ترجیحی بنیاد پر قانون کے مطابق نمٹائیں۔انہوں نے کہا کہ احتساب سب کے لیے کی موثر قومی انسداد بدعنوانی حکمت عملی کے نتائج سامنے آئے ہیں، عدالتی مفروروں اور اشتہاریوں کو قانون کے شکنجہ میں لانے کے لیے بدعنوان عناصر کی گرفتاریوں میں تیزی لائی گئی ہے ۔ چیئرمین نیب نے تفتیشی افسران کو ہدایت کی کہ وہ قواعد و ضوابط، ایس او پی، نیب آرڈیننس کے تحت اپنے فرائض ادا کریں اور قانون کے مطابق میرٹ پر احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے ریفرنس دائر کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے ملک بھر کے کالجوں اور جامعات میں 50 ہزار سے زائد کردار سازی کی انجمنیں قائم کی گئی ہیں۔ چیئرمین نیب نے تمام علاقائی بیوروز کو ہدایت کی کہ وہ کرپشن فری پاکستان اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرنے کے لیے اپنی کوششیں دگنا کریں کیونکہ نیب ملک کو کرپشن فری بنانے کے لیے پرعزم ہے۔