انقلاب کا جشن : ایران نے کروز میزائل لانچ کردیا

67
تہران: انقلابِ ایران کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر نمایش میں رکھا گیا جدید میزائل
تہران: انقلابِ ایران کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر نمایش میں رکھا گیا جدید میزائل

 

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) انقلاب کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر ایران میں ایک نئے کروز میزائل کی نمائش کی جا رہی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ زمین سے زمین تک داغا جانے والا یہ میزائل 13 سو کلومیٹر دُور اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایرانی وزیر دفاع امیر حاتمی نے میزائل کی نمائش کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ میزائل کو لانچ کرنے میں انتہائی کم وقت درکار ہے اور یہ انتہائی کم بلندی پر پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے۔ حاتمی کے بقول زمین سے زمین تک مار کرنے والا نئے میزائل کا نام ھویزہ رکھا گیا ہے ۔یہ میزائل کروز میزائل کی سومار فیملی سے تعلق رکھتا ہے، جسے 2015ء میں ایران میں متعارف کرایا گیا تھا۔ دوسری جانب مغربی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران اپنی اسلحہ سازی کی صلاحیت سے متعلق اکثر مبالغہ آرائی سے کام لیتا ہے، اس کے باوجود دنیا اور بالخصوص خطے میں اس کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں سے متعلق تشویش پائی جاتی ہے ۔ گزشتہ ماہ ایران نے امریکا کی جانب سے سیٹلائٹ لانچ کرنے سے متعلق تنبیہ مسترد کرنے ہوئے سیٹلائٹ لانچ کرنے کا تجربہ کیا تھا جو ابتدائی طور پر ناکام رہا تھا تاہم ایرانی حکام کے مطابق یہ تجربات جاری رہیں گے۔واشنگٹن نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ وہ سیٹلائٹ لانچنگ سے متعلق راکٹ تجربے کرنے سے باز رہے کیونکہ اس میں بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی استعمال ہوتی ہے جو اقوام متحدہ کی طرف سے ایران پر عائد پابندیوں کی وجہ سے ممنوع ہے۔ امریکا کو تشویش ہے کہ ایران سیٹلائٹ کو مدار تک بھیجنے کے لیے استعمال ہونے والی دُور مار بیلسٹک ٹیکنالوجی کو وار ہیڈز داغنے کے لیے استعمال کر سکتا ہے ۔