پانچ سال میں پاکستان یورپ سے زیادہ صاف نظر آئے گا،وزیراعظم 

87
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان صاف اور سرسبز پاکستان مہم کے دوران اسکول کے دورے پر طالبات سے خطاب کررہے ہیں‘ چھوٹی تصویر میں جھاڑو لگا کر مہم کا آغاز کررہے ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان صاف اور سرسبز پاکستان مہم کے دوران اسکول کے دورے پر طالبات سے خطاب کررہے ہیں‘ چھوٹی تصویر میں جھاڑو لگا کر مہم کا آغاز کررہے ہیں

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں’’ صاف اور سرسبز و شاداب پاکستان‘‘ مہم کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے پوری قوم بالخصوص طلبہ وطالبات اورنوجوانوں سے کہا ہے کہ وہ اس مہم میں قائدانہ کردار ادا کر یں‘ صاف اور سر سبز و شاداب پاکستان مہم میں مجھے نوجوانوں اور اسکولوں کے بچوں کی ضرورت ہے‘ فضائی و زمینی آلودگی سمیت ہر قسم کی آلودگی کا خاتمہ اور صاف و سر سبز پاکستان ہماری آنے والی نسلوں کے لیے ضروری ہے‘ ان شاء اللہ 5 سال میں ایسا پاکستان بنے گا جو یورپ سے بھی زیادہ صاف نظر آئے گا‘ 5 برس میں10 ارب درخت لگانے اور ماحولیاتی آلودگی کے مسائل کو موثر طریقے سے حل کرنے کے نتیجے میں پاکستان کا موسم تبدیل ہو جائے گا‘ مہم صرف شہروں تک محدود نہیں ہو گی بلکہ ملک کے تمام گاؤں، دیہات اور قصبات میں بھی اس پر توجہ دی جائے گی‘ شہروں میں سینی ٹیشن اور فضلے کو تلف کرنے کے انتظام و نظام کو جدید بنائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو ماڈل کالج فار گرلز ایف سکس ٹو میں ’’صاف اور سرسبز و شاداب پاکستان‘‘ ایکشن ڈے مہم کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے خطاب میں کیا۔ عمران خان نے کالج میں پودا لگایا‘ایک بڑی جھاڑو اٹھا کر راستہ پرپڑاگندصاف کیا‘ سبزہ زارمیں پھینکے گئے کاغذاٹھائے اور آخر میں بیسن پر جاکر ہینڈواش سے ہاتھ دھو ئے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ یورپ میں صفائی کی صورتحال زیادہ اچھی ہے‘ وہاں آلودگی کی شرح کم ہے‘ اس کے مقابلے میں پاکستان میں آلودگی کا تناسب زیادہ ہے‘ ہم اپنے دریاؤں کو آلودہ کر رہے ہیں‘ لاہور میں آلودگی کی شرح سب سے زیادہ ہے‘ دنیا میں آلودگی سے متاثرہ علاقوں میں اوسطاً 11 سال عمر کم ہو جاتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی درجہ حرارت میں اضافے سے متاثر ہونے والے7 بڑے ممالک میں شامل ہے‘ ہمارے گلیشئرز پگھل رہے ہیں‘ ماحولیاتی آلودگی اور عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ہم پورے پاکستان میں آئندہ 5 سال کے دوران 10 ارب درخت لگائیں گے جس سے پاکستان میں موسمیاتی طرز عمل تبدیل ہو جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کچی آبادیوں میں صفائی کی صورتحال ناقص ہے‘ ہم نے اپنی کچی آبادیوں کو بھی صاف رکھنا ہے‘ کچی آبادیوں کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور انہیں گھر بھی دیے جائیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.