نوازشریف کے خلاف ریفرنسز نمٹانے کیلیے احتساب عدالت کو 19 نومبر تک مہلت 

51

اسلام آباد(نمائندہ جسارت/خبر ایجنسیاں) عدالت عظمیٰ نے احتساب عدالت کو سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے 17 نومبر تک کی مہلت دے دی۔یاد رہے کہ نواز شریف کے خلاف 2 نیب ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کے لییعدالت عظمیٰ کی جانب سے احتساب عدالت کو دی جانے والی آخری مدت 7 اکتوبر کو مکمل ہوئی تھی، جس کے بعد احتساب عدالت نمبر 2 کے جج ارشد ملک نے عدالت عظمیٰ کو ٹرائل کی مدت میں توسیع کے لیے خط لکھا تھا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے مذکورہ درخواست پر سماعت کی نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے اور 6 ہفتوں تک مہلت دینے کی استدعا کی تاہم عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیے کہ 4 ہفتوں سے زیادہ کی مہلت نہیں دی جاسکتی۔خواجہ حارث نے عدالت سے استدعا کی ایک بار تو میری بات بھی مان لی جائے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہمیشہ آپ کی بات مانی، لیکن یہی تاثر دیا گیا کہ آپ کی بات نہیں مانی۔ساتھ ہی جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے یہ وہ کیس ہے جس نے 2 بھائیوں میں تلخی پیدا کی۔چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ آپ چاہیں تو ہفتے اور اتوار کو بھی کام کر سکتے ہیں، 17 نومبر تک کیسوں کا فیصلہ نہ ہوا تو عدالت اتوار کو بھی لگے گی۔چیف جسٹس نے کہا، اگر اس مدت میں کیسوں کا فیصلہ نہ ہوا تو احتساب عدالت کے جج سے پوچھیں گے۔سماعت کے بعد چیف جسٹس نے دونوں ریفرنسز کے ٹرائل کے لیے 17 نومبر تک کی مہلت دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ یہ آخری توسیع ہے، اس کے بعد کوئی توسیع نہیں دی جائے گی۔نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ العزیزیہ ریفرنس پر سماعت مکمل ہو چکی ہے اس ریفرنس کا فیصلہ سنانے کی اجازت دی جائے تاہم چیف جسٹس نے نیب پراسیکیوٹر کی استدعا مسترد کردی چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ 17نومبر تک دونوں ریفرنسز کی سماعت مکمل کر کے فیصلہ اکٹھے کیا جائے۔واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ نے پاناما کیس کی روشنی میں احتساب عدالت کو شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے 6 ماہ کا وقت دیا تھا جس میں 6 بار توسیع کی جاچکی ہے۔دوسری جانب احتساب عدالت نے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت وکیل خواجہ حارث کی عدالت عظمیٰ میں مصروفیت کے باعث پیر تک ملتوی کردی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.