ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے 18 رکنی قومی ہاکی ٹیم کا اعلان آج ہو گا

66

کراچی (اے پی پی) ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے لئے 18 رکنی قومی ہاکی ٹیم کا اعلان آج 2 روزہ ٹرائلز کے اختتام پر ہوگا۔ چیف سلیکٹر اولمپئین اصلاح الدین صدیقی کے مطابق ٹرائلز کے پہلے روز عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم پر کھلاڑیوں کی اہلیت جانچی گئی۔ ٹرائلز کے اختتام پر آج ایونٹ کے لئے پاکستان ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں منعقدہ تربیتی کیمپ کے پہلے مرحلہ میں شرکت نہ کرنے والے 3 کھلاڑیوں کپتان رضوان سینئر، شفقت رسول اور راشد محمود کے حوالے سے آج فیصلہ ہوگا۔ منتخب ٹیم 18سے 28 اکتوبر تک عمان کے شہر مسقط میں شیڈول ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرے گی۔ ایونٹ میں دفاعی چیمپئن بھارت سمیت ملائشیا، پاکستان، جنوبی کوریا، جاپان اورعمان کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔گزشتہ روز ٹرائلز کو دیکھنے کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگڈئیر خالد سجاد کھوکھر ، سیکریٹری شہباز سینئیر بھی موجود تھے، اس موقع پر شہباز سینئر نے مینجمینٹ اور کھلاڑیوں خصوصا کپتان کے درمیان اختلافات کو یکسر مسترد کرتے ہویے واضح کیا کہ اس قسم کی خبریں قومی ہاکی ٹیم اور کھیل کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے۔ ان کا مزید کہناتھا کہ تمام کھلاڑی متحد ہوکر انشاء اللہ ایشین چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ