پولیس پر کوئی دباؤ نہیں‘ کارکردگی نہ دکھانے والے ایس ایچ اوز کیخلاف کارروئی ہوگی‘ کلیم امام 

160

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نئے تقرر ہونے والے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں، جو اسٹیشن ہاؤس افسر(ایس ایچ او) کارکردگی نہیں دکھائے گا اس کے خلاف کارروائی کریں گے، جرائم میں ملوث پولیس اہلکاروں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ مزار قائد پر حاضری اور فاتحہ خوانی کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ جس شہر میں پیدا ہوا،وہی تعینات ہوا، اس پر میں حکومت پاکستان کا مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم پیشہ ورانہ انداز میں مزید بہتری کے لیے کریں گے اور غیر ضروری تبدیلیاں نہیں کریں گے۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کی قیام امن کی خاطر دی جانے والی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، جس پر میں تمام شہیدوں اور زخمیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔سید کلیم امام نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے حکمت عملی کو مزید ٹھوس بنایا جائے گا، پولیس برتاؤ اور کارکردگی جیسے مسائل سمیت تھانہ کلچر پر بھی کام کیا جائے گا۔اپنی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ تھانہ کیسا ہے اور کیسا ہونا چاہیے، اس چیز پر کام کریں گے، سیف سٹی پروجیکٹ بہت پہلے مکمل ہوجانا چاہیے تھا لیکن بدقسمتی سے نہیں ہوسکا، کوشش ہے کہ جلد اس منصوبے کو مکمل کریں۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ ایس ایچ اوز کی تعیناتی کی مدت کا خاص خیال رکھا جائے گا، ہماری توجہ تھانوں کی حالت بہتر بنانے پر مرکوز ہے اور تھانوں کی حالت بہتر ہونے سے پہلے کسی افسر کے گھر کا کام نہیں ہوگا، کوئی بھی افسر 2 سے زائد ملازم اور 2 سے زائد گاڑیاں نہیں رکھ سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی دباؤ میں آکر کام نہیں کریں گے، جرائم میں ملوث اہلکار اور افسران کے خلاف کارروائی کریں گے۔علاوہ ازیںآئی جی سندھ کراچی پولیس آفس میں محرم الحرام کے حولے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پرآئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ محرم میں سیکورٹی کے مجموعی اقدامات کو کنٹی جنسی پلان کے مطابق انتہائی ٹھوس اور غیر معمولی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز، رہزنی، موبائل فونز ،کار اسنیچنگ جیسے جرائم میں ملوث گرفتار ملزمان کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی۔مزید برآں آئی جی سندھ نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔دوران ملاقات صوبہ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم پیشہ عناصر کیخلاف سندھ پولیس کے اقدامات و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناء الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خان خٹک نے جمعرات کو نئے آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام سے ملاقات کی اور الیکشن کمشنر سندھ کی جانب سے نئے آئی جی سندھ کو چارج سنبھالنے پر مبارک باد دی اور یہ اْمید کی کہ آنے والے ضمنی انتخابات میں پولیس کی جانب سے اپنا کردار ادا کیا جائیگا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.