افغانستان میں امن کیلیے پاک امریکا تعاون ناگزیر ہے‘اعزازچودھری

249

اسلام آباد (اے پی پی) امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چودھری نے کہاہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ وسیع البنیاد اور باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے۔افغانستان میں پائیدار امن کے حصول اور خطے میں امن و استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے پاک امریکا تعاون ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹلانٹا میں جارجیا ٹیک سیم نن اسکول آف انٹرنیشنل افیئرز اور سینٹر فار انٹرنیشنل اسٹریٹجی میں لیکچر دیتے ہوئے کیا۔اعزاز چودھری نے کہا کہ سی پیک علاقائی منصوبہ ہے جس سے خطے کے کروڑوں لوگوں کو فائدہ ہو گا۔پاکستان کے سفیراعزازچودھری نے کہاکہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے امریکا کے ساتھ مل کر کام کرنے کاخواہشمند ہے۔انہوں نے واشنگٹن میں امریکی سینیٹر مرکلے جیف سے ملاقات میں جنوبی ایشیا کے لیے امریکا کی نئی حکمت عملی پر پاکستان کاموقف اجاگرکرتے ہوئے کہاکہ افغانستان میں مسلسل عدم استحکام ،اقتصادی اورسلامتی کے شعبوں میں پاکستان کی کامیابیوں کے لیے خطرے کاباعث ہے۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پائیدار امن کے حصول کے لیے جامع سیاسی عمل درکار ہے۔ اس موقع پر سینیٹر مرکلے جیف نے پاکستانی سفیر کی بریفنگ کو سراہا ۔ انہوں نے اس ضرورت پر اتفاق کیاکہ پاکستان اورامریکا کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ اورافغانستان میں امن واستحکام کے قیام کے لیے مل کر کام کرناچاہیے۔