فیض آباددھرنا‘ پتھراؤسے ایس پی سمیت 4اہلکارزخمی

250

اسلام آباد( آن لائن)فیض آباد میں جاری دھرنے کے شرکاء اور پولیس کے درمیان پتھراؤسے ایس پی صدر عامر نیازی سمیت پولیس اور ایف سی کے4 اہلکار زخمی ہوگئے ۔بدھ کو مظاہرین اورسیکورٹی فورسز کے درمیان وقفے وقفے سے جھڑپیں ہوتی رہیں ، مظاہرین گارڈن ایونیو کے قریب کنٹینر پر چڑھ گئے اور سیکورٹی فورسز پرپتھراؤ شروع کردیا۔پولیس اور ایف کے زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ دھرنے کی قیادت کرنے والے خادم حسین رضوی نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی ہٹ دھرمی سے دھرنا طوالت اختیار کرتا ہے تو میلاد النبی ﷺ بھی فیض آباد فلائی اوور پر منایا جائے گاجس میں ملک بھر سے لاکھوں عاشقان رسول پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے معاملے پر حکومت انتہائی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے ،سنگین جرم کے ارتکاب کے باوجود اپنی غلطی تک ماننے کو تیار نہیں ہے۔