تیسر ٹاؤن اسکیم کیخلاف پروپیگنڈے کی کوئی حقیقت نہیں ،سعید غنی

126

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی تیسر ٹاؤن اسکیم کیخلاف پروپیگنڈے کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔ ماضی کی تعطل کی شکار اسکیموں کو بھی مکمل کروائیں گے اور موجودہ اسکیم کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔ اتنے آسان اور سستے پلاٹس کراچی میں ملنا نا ممکن ہے ،عوام فائدہ اٹھائیں۔ بینظیر بھٹو شہید پارک کواب کے ڈی اے اور محکمہ جنگلات کے تعاون سے بحال کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید بینظیر بھٹو پارک، بوٹ بیسن کلفٹن کے دورے کے موقع پر عوام اور میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے منصور عباس زیدی، سیکرٹری جنگلات عبدالرحیم سومرو، وزیر بلدیات کے فوکل پرسن رحمت اللہ شیخ، میڈیا کنسلٹینٹ زبیر میمن اور دیگر بھی موجود تھے۔وزیر بلدیات نے پارک کے مختلف حصوں کا دورہ کیا ، پارک کے ساتھ سمندر میں صفائی کے انتظامات ، پارک کی بارہ دری سمیت دیگر کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پھلوں ، جنگلات کے حصے، بارہ دری اور دیگر پر جاری کاموں کے حوالے سے ڈی جی کے ڈی اے اور سیکرٹری جنگلات نے بریفنگ دی۔بریفنگ کے بعدوزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ یہ پارک جلد عوام کے لیے مکمل کرلیا جائیگا، ماضی میں دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث یہ تباہی کا شکار ہوا ۔ چیئرمین بلاول زرداری کی ہدایات پر اس پارک کو کے ڈی اے نے اپنے زیر انتظام لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پودوں کی فراہمی ،پارک میں پھل فارم اور جنگلات کی طرز کے حصے کو بنانے میں ہمیں محکمہ جنگلات کی مکمل مدد حاصل ہے، سندھ حکومت جلد ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں اس طرح کے پارکوں کو ازسر نو تزئین و آرائش کا کام شروع کررہی ہے ،چاہتے ہیں مالی طور پر مستحکم ادارے ان پارکس کو اوون کریں ۔ اس موقع پر تیسر ٹاؤن اسکیم 45 کے حوالے سے عوام میں پھیلی بے چینی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بے چینی کی کوئی وجہ نہیں، جتنی کم قیمت پر یہ پلاٹس دیے جارہے ہیں اتنی کم قیمت میں کراچی میں پلاٹ کا ملنا ناممکن ہے، عوام فارم کو بھریں ، ماضی کے برعکس اس اسکیم میں جس مدت کا اعلان کیا جارہا ہے اسی میں مکمل کرلی جائے گی۔