رابطہ کمیٹی والے اپنے اثاثے ظاہر کریں ورنہ پردہ اٹھاؤ ں گا ،فاروق ستار

58

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ رابطہ کمیٹی کے لوگ عامر خان، کنور نوید اور دیگر اپنے اثاثے کارکنان کے سامنے ظاہر کردیں ورنہ بہت جلد میں ان سے پردہ اٹھاؤں گا۔کراچی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی چند قبضہ گیروں، جاگیرداروں اور لٹیروں کی وجہ سے کارکنوں میں اپنا اعتماد کھوچکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں انٹرا پارٹی انتخابات ہونے چاہییں اور اگر کچھ بہتر لوگ آگے آنا چاہتے ہیں تو انہیں ان کا یہ جمہوری حق دیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو بحران سے نکالنے کے حل پیش کردیے ہیں لیکن اگر رابطہ کمیٹی یا پارٹی پر کچھ لوگوں کا قبضہ ہے تو وہ من مانے فیصلے کر رہے ہیں۔فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کارکنوں کی بڑی تعداد سمجھ رہی ہے کہ من مانے فیصلوں سے تنظیم کو نقصان ہورہا، تنظیم کے نظریے اور منشور پر سمجھوتہ ہورہا ہے۔سابق ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ مجھے تنظیم کی بنیادی رکنیت سے خارج کرنے کا فیصلہ میں نے اور ہزاروں کارکنوں نے بھی مسترد کردیا اور یہ اناپرستی جو چند اناگیر کر رہے ہیں کارکنان انہیں مسترد کرتے ہیں۔فاروق ستار نے کہا کہ ہم سیاسی و جمہوری طریقے سے پارٹی چلانا چاہتے ہیں جبکہ وہ لوگوں کو ڈرا کر ان کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھا کر پارٹی چلانا چاہتے ہیں، لہٰذا یہ فیصلہ ہو کہ پارٹی کس طرح چلائی جائے گی۔سابق کنوینر کا کہنا تھا کہ میں، عامر خان اور کنور نوید خود کو کارکنان کی عدالت میں پیش کریں اور 1986 سے لے کر آج تک جو اثاثے ہیں، جو بینک اکاؤنٹس ہیں وہ کارکنوں کی اسمبلی، عدالت اور بڑے اجلاس میں پیش کردیں اور اگر یہ نہیں رکھیں گے تو چند دنوں بعد میں ان سب کے اثاثوں سے پردہ اٹھاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ یہ سب بتائیں کہ 1986 میں آپ کیا تھے اور یہ اثاثے اور جایدادیں آپ نے کس طرح بنائیں کیونکہ اب کارکنوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما محفوظ یار خان کا کہنا تھا کہ فاروق ستار نے پارٹی کا بیڑہ غرق کردیا ہے اور انہوں نے تیسری مرتبہ پارٹی کو تباہ کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابت کے دوران فاروق ستار پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کی گود میں جا کر بیٹھ گئے تھے اور ان کا کردار سب کے سامنے ہے، یہ کہنا کہ 22 اگست کے بعد انہوں نے پارٹی کو سنبھالا ہے تو یہ غلط ہے۔محفوظ یار خان کا کہنا تھا کہ فاروق ستار کو نظریاتی گروپ کے بجائے ضروریاتی گروپ بنائیں، آپ کی بہت ضرورتیں ہیں، آپ چندہ لیں اور کھا جائیں کیونکہ یہی آپ کا منشور ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کے خلاف میرے پاس ثبوت ہیں، ایک آدمی جس کا ظاہری ذریعہ معاش نہ ہو اس کے بچے امریکا میں کیسے پڑ سکتے ہیں اور وہ کیسے دبئی میں اپنی بیٹی کی شادی کرسکتا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ شب متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے تنظیمی نظم و ضبط اور آئین کی سنگین خلاف ورزیوں، تنظیم میں گروہ بندی اور دیگر سنگین تنظیمی خلاف ورزیوں پر ڈاکٹر فاروق ستار کو تنظیم کی بنیادی رکنیت سے خارج کردیا تھا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ