نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ،17 انکوائریوں اور 2 انوسٹی گیشنز کی منظوری 

69
اسلام آباد، چیئرمین نیب جاوید اقبال کی سربراہی میں ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہورہا ہے
اسلام آباد، چیئرمین نیب جاوید اقبال کی سربراہی میں ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہورہا ہے

اسلام آباد(اے پی پی)قومی احتساب بیورو (نیب)کے ایگزیکٹو بورڈ نے چیف ایگزیکٹو آفیسر قائداعظم انٹرنیشنل اسپتال شوکت علی بنگش، سابق سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزیشن کراچی غلام مصطفی پھل، سابق چیئرمین ورکرز ویلفیئر بورڈ کوئٹہ خواجہ صدیق اکبر، سابق سیکرٹری وزارت پانی و بجلی شاہد رفیع سمیت دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے اور 17 انکوائریوں اور 2 انوسٹی گیشنز کی منظوری دی ہے۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس(ر)جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں منعقد ہوا،جس میں17انکوائریوں کی منظوری دی گئی جب کہ 2 انوسٹی گیشنزکی منظوری دی گئی جن میں جان محمد جمالی سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور جام غلام قادردریجو سابق کمشنرسکھراور دیگر شامل ہیں جن کی تفصیلات مناسب موقع پر اورعدالت عظمیٰ کے حکم کے مطابق بہم پہنچائی جائیں گی۔چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے ،نیب کے افسران ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے ’’احتساب سب کے لیے‘‘ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں، نیب کے افسران بدعنوانی کے خاتمے کو نہ صرف اپنی قومی ذمے داری سمجھتے ہیں بلکہ اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے کرپشن فری پاکستان کے لیے بھر پور کاوشیں کررہے ہیں۔ انہوں نے نیب کے افسران کوہدایت کی کہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریوں اور انوسٹی گیشنز کو قانون، میرٹ، شفافیت اور ٹھوس شواید کی بنیا د پر مقررہ وقت کے اندر منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ