اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں بھارت کی شدید سرزنش

97

جنیوا (اے پی پی) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق اپنی رپورٹ پر کارروائی نہ کرنے پر بھارت کی شدید سر زنش کرتے ہو ئے کہا
ہے کہ کشمیری عوام کو بھی دیگر انسانوں کی طرح مساوی حقوق فراہم کیے جائیں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انسانی حقوق کے بارے میں عالمی ادارے کی نو منتخب ہائی کمشنر میچیلی بیچھ لیٹ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 39ویں اجلاس سے اپنے پہلے خطاب میں کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھی دنیا بھر کے لوگوں کی طرح انصاف اور عزت و وقار کے یکساں حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے بارے میں عالمی ادارے کی حالیہ رپورٹ پر نتیجہ خیز پیشرفت نہ کر نے پربھارت پر شدید نکتہ چینی کی ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کو اسی طرح کے انصاف اور عزت کے حقوق حاصل ہیں جو پوری دنیا کے لوگوں کو حاصل ہیں اور ہم بھارتی حکام پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اسے تسلیم کریں۔انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ جموں کشمیرکے لو گوں کو بھی یکساں حقوق فراہم کرتے ہو ئے کسی بھی پا مالی کا بر وقت اور سنجیدہ نو ٹس لے کر اپنی ذمہ داری کو پورا کرے۔نو منتخب ہائی کمشنر نے کہاکہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کنٹرول لائن کی دونوں جانب خاص طور پر مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت دینے کے لیے لگاتار اپیلیں کرتا رہے گاتاکہ کنٹرول لائن کی صورتحال پر نظر رکھی جاسکے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ