یمنی مذاکرات میں تعطل برقرار‘ لڑائی میں 17 باغی ہلاک

56
جنیوا: یمنی وزیر خارجہ خالد الیمانی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کررہے ہیں
جنیوا: یمنی وزیر خارجہ خالد الیمانی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کررہے ہیں

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمنی شہر حدیدہ میں عرب اتحاد کے ہیلی کاپٹروں کی کارروائی میں حوثیوں کا ایک اہم کمانڈر اور بریگیڈ 190 کا سربراہ میجر جنرل محمد عبدالملک عاطف مارا گیا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق فضائی کارروائیوں میں حوثیوں کے ایک اور کمانڈر علی صلاح قیری سمیت 16 دیگر ارکان بھی مارے گئے۔ اس دوران حوثی باغیوں کو بھاری جانی اور مادی نقصان اٹھانا پڑا۔ دوسری جانب یمنی وزیراعظم احمد عبید بن دغر نے الزام عائد کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے یمن کے لیے خصوصی ایلچی مارٹن گریویتھ نے حدیدہ شہر میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے حوالے سے ایسی تجاویز پیش کیں، جن پر عمل نہیں کیا جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ گریویتھ حدیدہ کے حوالے سے غلطی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی نے بعض امور میں درست اور بعض میں غلط تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے حدیدہ بندرگاہ کے تنازع کے حل کے حوالے سے جو تجاویز پیش کیں وہ قابل قبول نہیں۔ ایسی تجاویز سے حدیدہ کا بحران حل نہیں ہوسکتا۔ یمنی وزیر اعظم نے حوثی باغیوں کو چیلنج کیا کہ وہ ہتھیار پھینک کر انتخابات میں حصہ لیں۔ اقوام متحدہ کے یمن کے لیے خصوصی ایلچی مارٹن گریویتھکے مطابق جنیوا میں یمنی بحران کے حل کے حوالے سے مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں۔ حوثیوں کی طرف سے مذاکرات کے بائیکاٹ کے باوجود یمنی حکومت کا مذاکراتی وفد اس وقت جنیوا میں ہے جب کہ اقوام متحدہ کے مندوب حوثیوں کو بھی مذاکرات میں شامل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔اس سے قبل اقوام متحدہ کے ایلچی نے کہا تھا کہ انہیں توقع نہیں کہ حوثی باغیوں کا مذاکراتی وفد جنیوا میں امن مذاکرات میں شرکت کرے گا، تاہم وہ فریقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اورانہیں بات چیت میں شرکت پر قائل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس ضمن میں قیدیوں کا تبادلہ، انسانی کوری ڈور کا قیام، صنعا ہوائی اڈے کو کھولنے اور اقتصادی امور کی تجاویز شامل ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق یمن میں عرب اتحاد کی کارروائیوں کی وجہ سے مذاکرات نا ممکن ہیں۔یمن فوج نے صعدہ صوبے کے علاقے باقم کے ایک اسلحہ گودام سے بھاری مقدام میں اسلحہ، میزائل اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا۔ اس میں میزائل، بارودی سرنگیں اور دیگر بھاری اسلحہ شامل ہے۔
یمنی مذاکرات

Print Friendly, PDF & Email
حصہ