چمن: بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق،7ایف سی اہلکار زخمی

153
چمن: مال روڈ پر بم دھماکے سے تباہ ہونے والی گاڑی سے شعلے اٹھ رہے ہیں
چمن: مال روڈ پر بم دھماکے سے تباہ ہونے والی گاڑی سے شعلے اٹھ رہے ہیں

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں پیٹرولنگ کے د وران سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر بم حملہ، ایک شخص جاں بحق،7ایف سی اہلکاروں سمیت 15افراد زخمی۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں مال روڈ پر زیر تعمیر ڈسٹرکٹ پولیس آفس کے قریب پیٹرولنگ کے دوران سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب موٹرسائیکل میں نصب ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے میں کامران نامی شخص موقع پر جاں بحق جبکہ7 فرنٹیئر کور کے جوان اور8 شہریوں سمیت 15 افراد زخمی ہو گئے دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی دھماکا اتنا شدید تھا کہ دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور ہر طرف دھواں ہی دھواں چھا گیا۔ دھماکے سے تقریباً ایک درجن سے زاید گاڑیاں اور 2 درجن سے زاید موٹر سائیکلیں اور درجنوں دکانیں تباہ ہو گئیں۔ دھماکے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس، فرنٹیئر کور اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمیوں اور لاش کو اسپتال منتقل کیا۔ دھماکے کے بعد اسپتال میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ۔پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا موٹرسائیکل میں نصب ریمورٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا ۔ دھماکے میں 5 سے7 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا ۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی چمن کے مال روڈ اور دیگر علاقوں میں ڈی پی او ، پولیس اور فرنٹیئر کور سمیت لیویز کے علاوہ انتظامی افسران پر متعدد بار بم دھماکے اور دہشت گردانہ حملے ہو چکے ہیں پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے کا رروائی شروع کر دی ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.