الیکشن میں کامیابی نہیں اقامت دین کی جدوجہد مقصد ہے‘ حافظ نعیم

70

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلا می کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مقصد صرف الیکشن میں کامیابی نہیں بلکہ اقامت دین کی جدو جہد ہے ،دین کے غلبے اور ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے یہ جدوجہد جاری رہے گی ۔ جماعت اسلامی سے وابستہ خواتین نے ہر قسم کی مہمات میں ہمیشہ آگے بڑھ کر حصہ لیا ہے اور حالیہ انتخابی مہم میں بھی خواتین نے بھر پور کردار ادا کیا جس پر تمام خواتین خراجِ تحسین کی مستحق ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ ناظم آباد میں علاقہ تیموریہ
کے تحت خواتین کے اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے مزید کہا کہ الیکشن کے دوران خواتین الیکشن ورکرز اور پولنگ ایجنٹس نے بھی اپنی ذمہ داریاں بحسن خوبی ادا کیں اور بالخصوص الیکشن ڈے پر سارا دن اور رات گئے تک عزم اور حوصلے کے ساتھ اپنے محاذ پر موجود رہیں ۔ الیکشن مہم کے دوران خواتین کارکنان اور ذمہ داران نے زبردست ایثارو قربانی اور عزم و حوصلے کے ساتھ اپنا وقت ، توانائیاں اور سر مایہ لگایا ان کی تمام تر کوششیں اور جدو جہد اللہ تعالی کی بار گاہ میں قبول ہوں گی اور ان کو اس کا اجر ضرورملے گا ۔ خواتین نے گھر گھر رابطے اور دعوت دین کا بھر پور کام کیا ہے ۔ الیکشن کے بعد ہمارے لیے توسیع دعوت کے مزید مواقع پیدا ہوئے ہیں اور جن خواتین سے مہم کے دوران رابطے ہوئے ہیں ان سے رابطے مستحکم اور مضبوط بنائے جائیں اور ان کو اپنی تنظیم میں شامل کیا جائے ۔ الیکشن کے بعد ہمیں اپنی تنظیم ، توسیع دعوت اور تربیت پر پہلے سے زیادہ توجہ دینا ہے ۔ جماعت اسلامی نے کراچی میں عوامی خدمت کے لیے مثالی کردار ادا کیا ہے اور عوام کی خدمت اور مسائل کے حل کی جدو جہد حکومت اور اقتدار سے مشروط نہیں ہے ۔ ہماری کوششیں جاری رہیں گی ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ