کوہاٹ میں عیدالفطر پر حفاظتی انتظامات سخت، ہوائی فائرنگ پر پابندی

128

پشاور (آئی این پی) کوہاٹ میں عید الفطر کے موقع پر حفاظتی انتظامات سخت کردیے گئے ہیں جبکہ چاند رات پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے ریڈ الرٹ سیکورٹی کے احکامات جاری کرتے ہوئے نگرانی کا عمل مزیر تیز کردیا گیا ہے۔ لائسنس یافتہ اسلحہ کی نمائش اور آتش بازی کے سامان پر بھی پابندی عائد کرتے ہوئے شہر میں اسلحے کی تمام دکانیں سیل کردی گئی ہیں اور موٹر سائیکل کی ون ویلنگ کے مرتکب افراد کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔ نماز عید کے لیے خصوصی حفاظتی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ سیکورٹی کے لحاظ سے حساس قرار دیے گئے مقامات پر پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے اورچاند رات پر ہوائی فائرنگ روکنے کی خاطرپولیس حکام کو قانون شکن عناصر کے خلاف بھر پور قانونی طاقت استعمال کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے ۔اس سلسلے میں ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی زیر صدارت سیکورٹی کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس پی آپریشنز جمیل اختر، ایس پی انوسٹی گیشن جہانزیب خان، زیر تربیت اے ایس پی ناصر محمود، تمام سرکل ایس ڈی پی اوز، تھانوں کے ایس ایچ اوز اورٹریفک پولیس انچارج کے علاوہ دیگر متعلقہ پولیس فسران بھی شریک تھے۔اجلاس میں عید الفطر کے ایام اور خصوصاً چاند رات کے لیے مرتب کردہ جامع سیکورٹی پلان پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کے احکامات جاری کردیے گئے۔ پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرکے چوبیس گھنٹے شفٹوں میں ڈیوٹی دینے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں جبکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے پولیس اور ایلیٹ فورس کی مشترکہ ریپڈ رسپانس دستوں کومزید متحرک اور الرٹ کرکے موبائل ،رائیڈرز اور پیادہ گشت بڑھا دیے گئے ہیں۔ عید کے دنوں میں خریداری کے مراکز سمیت تمام بازاروں، لاری اڈوں، ریلوے اسٹیشن اور دیگر عوامی مقامات پر غیر معمولی رش کو کنٹرول کرنے کے لیے مخصوص متبادل روٹس مقرر کردیے گئے ہیں اورشہر کے پرہجوم مقامات پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی خاطر ٹریفک پوائنٹس میں اضافہ کرکے اہلکاروں کی ڈیوٹی کا اوقات کار رات گئے تک بڑھا دیا گیا ہے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ عید الفطر کے موقع پر سیکورٹی کے لحاظ سے حساس قرار دیے گئے مقامات خصوصاً عید گاہوں، عبادت گاہوں، شاپنگ پلازوں، تجارتی مراکز اور تفریح گاہوں کی نگرانی کا عمل مزید سخت کیا جائے اور مطلوب اشتہاریوں، مشکوک افراد، آوارہ گردوں اور امن میں رخنہ اندازی کے مرتکب جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔چاند رات پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی پر عائد پابندی کے سلسلے میں شہر میں اسلحے کی تمام دکانیں سیل کردی گئی ہیں اور لائسنس یافتہ اسلحے کی نمائش و آتش بازی کے ہر قسم کے سامان کی خرید وفروخت بھی قطعی طور پر ممنوع قرار دی گئی ہے۔ شہر کے تمام بازاروں،تجارتی مراکز اور خصوصاً خواتین کے خریداری کے مراکز میں ہر قسم کی گاڑیوں، رکشوں و موٹر سائیکلوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ خواتین کے بازاروں میں مردوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ ضلع کی محل وقوع کے اندر اہم شخصیات کی سیکورٹی سمیت اہم شاہراہوں اور حساس تنصیبات کی کڑی نگرانی کے لیے بھی مؤثر اقدمات کیے گئے ہیں۔ اسی طرح نماز عید کے موقع پر شہر کے تمام چھوٹی بڑی عید گاہوں میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات اور چیکنگ کے تناظر میں پولیس کی اسپیشل گارڈ کیساتھ ساتھ حساس ادارے اور بم ڈسپوزل سکواڈکے ہلکار بھی تعینات رہیں گے جو کہ میٹل اور ایکسپلوزیو ڈیٹیکٹر کے ذریعے جامہ تلاشی کا عمل یقینی بنائیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ